• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہد خاقان اور احسن اقبال ضمانت پر رہا ہوگئے


مسلم لیگ ن کے رہنماوں شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کو ضمانت پر رہا کردیا گیا، ن لیگ کے کارکنوں نے اڈیالا جیل کے باہر دونوں کا استقبال کیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ روز ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی اور نارووال اسپورٹس کمپلیکس میں احسن اقبال کی ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا ۔

ایل این جی کیس میں قید سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور ناروال اسپورٹس کمپلیکس میں پابند سلاسل سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو عدالت سے گزشتہ روز ضمانت کے بعد آج اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا دونوں رہنماؤں کی ایک ساتھ رہائی پر مسلم لیگ ن کے کارکن پرجوش نظر آئے۔

جیل سے باہر آتے ہوئے میڈیا سے مختصر گفتگو میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی رہائی کو حکومت کی ناکامی قرار دیا، جبکہ قائدین کی رہائی کی خبر سنتے ہی سینکڑوں کی تعداد میں مسلم لیگ ن کے کارکن اڈیالہ جیل کے باہر جمع ہوگئے، جس کے بعد اڈیالہ روڈ پر کئی گھنٹے ٹریفک جام رہا شام پانچ بجے اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد رہنماؤں کو ایک بڑی ریلی کی صورت میں اسلام آباد پہنچایا گیا ۔

تازہ ترین