راولپنڈی ( نیوز ر پورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 2018 ءکے انتخابات ملک کے مستقبل کے حوالے سے بڑے اہم ہوں گے۔ جماعت اسلامی کو ایک عوامی جماعت بنانے اور فیصلہ کن تحریک چلانے کے لئے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ جماعت اسلامی کے ہمدرد تاجر اور مخیر حضرات فنڈ ریزنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ ملکی معاملات میں آگے بڑھنے کے لئے کسی بھی جماعت اور تنظیم کے لئے مالی استحکام بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام اسلامی پاکستان ٗ خوشحال پاکستان فنڈ کے سلسلے میں ڈونرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفر نس سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم ٗ امیر ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی ٗ ضلعی جنرل سیکرٹری راجہ محمد جواد ٗ علماء و مشا ئخ رابطہ کونسل شمالی پنجاب کے صدر مولانا عبد الجلیل نقشبندی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر مقامی ٹریول کمپنی کے توقیر نے 20 لاکھ ٗ معروف ڈویلپر شوکت محمود قاضی نے اپنے تین جواں سال صاحبزادے امیر جماعت اسلامی کے سپرد کئے اور ہر بیٹے کی طرف سے5،5لاکھ روپے بھی جمع کروائے۔ اس طرح نقد ٗ چیک اور وعدوں کی صورت میں ایک کروڑ روپے جماعت اسلامی کے الیکشن فنڈ میں جمع کروائے گئے ہیں ۔ کانفرنس کی صدارت شمس الرحمان سواتی نے کی جبکہ میزبان شوکت محمود قاضی تھے۔سراج الحق نے کہا کہ ہماری لڑائی مغرب کے ساتھ ہے۔ جو ہمارے خاندانی نظام کو ختم کرنا چاہتاہے ۔ حکمران ٹولہ امریکا اور یورپ کی خوشنودی کے لئے لبرل ازم اور سیکو لرازم کی باتیں کرتا ہے۔ پنجاب اسمبلی میں حقوق نسواں کے نام سے جو بل پاس کروایا گیا ہے وہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس بل پر امریکا اور یورپ والے شاباش دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو خوش کرنے کی بجائے مغرب کی خوشنودی کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہی سازشوں کا مقابلہ کرنے اور قوم کی رہنمائی کے لئے تمام دینی جماعتیں اکٹھی ہو رہی ہیں ۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں مغرب کی پیروی کی بجائے قرآن ٗ حدیث اور نظام مصطفی ﷺ کا دن کیوں نہیں منایا جاتا۔