کیا آپ جانتی ہیں کہ آپ کی خوبصورتی، دلکشی اور انفرادیت کا تعلق آپ کے ستاروں سے ہے؟ علم نجوم کے مطابق ہر ستارہ اور اس پر حاکم سیارہ آپ کی عادتوں اور مزاج سےخوبصورتی و انفرادیت کا تعین کرتا ہے۔
حمل ( Aries)
آپ کی سب سے بڑی خوبی اور انفرادیت یہ ہے کہ آپ زندگی کی اچھائیوں پر نظر رکھتی ہیں، لوگوں میں بدی کے رجحانات سے سرِمو انکار کرکے دنیا کو خوبصورتی، نیکی و صداقت کی نظر سے دیکھتی ہیں۔ آپ کا ہر عمل دنیا کو خوبصورت بنانے اور احترام ِانسانیت کو پروان چڑھانے کے لیے اٹھتا ہے۔ آپ بہت وفادار اور اچھے دوستوں میں شمار ہوتی ہیں۔ زندگی کو مثبت سوچ کے ساتھ گزارنے کے باعث آپ کے دشمن بہت کم ہوتے ہیں۔
ثور (Taurus)
آپ ایسی شخصیت ہیں، جن میں تحمل و برداشت کا حوصلہ کمال ہوتا ہے۔ آپ کے لبوں پر خفیف مسکراہٹ، محفل میں لوگوں کی آنکھوں کا تارا بنادیتی ہے اور آپ کو دیکھتے ہی لبوں پر تبسم بکھر جاتا ہے، ہر کوئی خوش آمدیدکہتا ہے۔ کدورت و کینہ اور ناراضی کے الفاط آپ کی لغت میں نہیں ہوتے۔ کوئی خراب رویہ بھی رکھے تو آپ کا اعلیٰ ظرف غصے کو کنٹرول کرتاہے۔ آپ کی صحبت میں بُرے لوگ بھی اچھے بن جاتے ہیں۔ ہر وقت چہرے پر مسکان آپ کو خوبصورت و دلکش بناتی ہے۔
جوزا (Gemini)
آپ ہمدردی و رحم دلی اور نوازش و کرم کی ملکہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ آپ سے ملنا پسند کرتے ہیں۔ آپ خود غرض نہیں، آپ کا ہمدرد دل کوئی تفریق نہیں کرتا۔ مطلبی لفظ آپ کے لیے نہیں بنا۔ دوستوں کی دوست اور کچھ دےکر بھول جانے والی ہوتی ہیں۔ کبھی جتانا پسند نہیں کرتیں۔ 100دکھ بھی مل جائیںلیکن درگذر کرنا آپ کا شیوہ ہے۔ یہی ہمدردی اور حسن سلوک آپ کو ظاہری و باطنی خوبصورتی سے نوازتا ہے۔
سرطان (Cancer)
آپ میں سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ لوگوں کے مسائل اچھی طرح سمجھ کر انھیں حل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ آپ لوگوں کی غیرمشروط خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ دوست ہو یا اجنبی، آپ کی نظر میں خدمتِ خلق کا جذبہ اہم ہوتا ہے۔ کسی کو اداس ہوتے نہیں دیکھ سکتیں۔ ہر وقت ہنس مکھ طبیعت آپ کو ایسا جاوداں حسن اور کشش دیتی ہے، جسے دیکھ کر ہر کوئی آپ سے ملنے کو بے تاب رہتا ہے۔
اسد (Leo)
آپ بہت اچھی سامع(good listener)ہیں، اس لیے لوگ آپ کی صحبت میں بیٹھنا پسند کرتے ہیں۔ آپ ان لوگوں میں سے نہیں جو دوسرے کی بات بے دھیانی سے سنتے اور اُچک کر مداخلت کرکے اپنی بات شروع کردیتے ہیں۔ دھیان سے سننے کی وجہ سے آپ میں کہانی بیان کرنے کا فن کمال ہوتا ہے۔آپ کی خوبصورتی و انفرادیت یہ ہے کہ اچھی سامع اور مقرر ایک ساتھ ہیں، یہی توازن آپ کو ہردلعزیز بناتا ہے۔
سنبلہ (Virgo)
آپ کھلے ذہن کی مالک ہیں۔ ہر ایک کی مدد بلاتخصیص رنگ و نسل کرتی ہیں۔ مشکلات میں مدد کرنے کا جذبہ آپ کواحباب کے لیے بیش قیمت اثاثہ بناتا ہے۔ آپ اچھے دوست کی سبھی خوبیاں رکھتی ہیں اور کبھی رسوا نہیں کرتیں۔ پردہ پوشی آپ کا شیوہ ہے۔
میزان (Libra)
آپ کا صاف دل آپ کو لوگوں کی محبت کا مرکز اور مداح بناتا ہے۔ آپ ایسی شخصیت ہیں جوخود کو اور دوسروں کو خوش رکھنے کی فطری صلاحیت رکھتی ہیں۔ پیٹھ پیچھے برائی نہیں کرتیں اور لوگوں کی دشمنیاں پالنے سے گریز کرتی ہیں۔ یہی چیز آپ کو لوگوں کا بھروسہ جیتنے میں کامیاب کرتی ہے۔ ظاہر و باطن میں احترام کی یہ خوبیاں آپ کو خوبصورتی سے ہمکنار کرتی ہیں۔
قوس (Sagittarius)
آپ ایسی شخصیت ہیں جس کے پاس مثبت سوچ کا سمندر موجزن ہے۔ یہی خوبی لوگوں میں آپ کو سب سے زیادہ ہردلعزیز بناتی ہے۔ آپ اداس لوگوں کے چہروں پر مسکان لانا جانتی ہیں۔ مشورہ دینے میں سب سے اچھی ہوتی ہیں، اس لیے آپ کا ہر ایک لفظ احباب کے لیے مشعل راہ ہوتا ہے۔ دوستوں کو مصیبت میں چھوڑ دینا آپ کا رویہ نہیں۔ آپ انھیں کسی بھی نازک گھڑی سے بچانے کے لیےہمیشہ تیار رہتی ہیں۔
جدی (Capricorn)
کسی کو ہنگامی حالات کا سامنا ہوتو آپ وہ شخصیت ہیں جنھیں سب سے پہلے مصیبت زدہ پکارے گا۔ آپ میں یہ فطری صلاحیت ہے کہ حواس باختہ ہونے کے بجائے آپ ٹھنڈے دل و دماغ سے مشکل صورتحال کا سامنا کرکے دوسروں کو مصیبت سے نکال لیں۔ مسائل کو حل کرنے کے لیے اگر کسی کو آپ کے مشورے کی ضرورت پڑے تو ہمہ وقت تیار رہتی ہیں۔
عقرب (Scorpio)
آپ برج کے انتہائی جذباتی افراد میں شمار ہوتی ہیں، جن کے ہاں کسی کو نظر انداز کرنے کی عادت نہیں ہوتی۔ آپ کی مثبت توانائی میلوں دور لوگوں کو محسوس ہوجاتی ہے۔ آپ والہانہ محبت کرتی ہیں اور یہی خوبی آپ کوطلسمی حسن و انفرادیت سے مزین کرتی ہے۔
دَلُو (Aquarius)
تمام برجوں میں آپ اس لحاظ سے منفرد ہیں کہ آپ اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے ہروقت کوشاں رہتی ہیں۔ پختہ ارادے سے خوابوں کو ممکن کر دکھاتی ہیں۔ آپ کے ذہن میں ہمیشہ منفرد اور اچھوتے خیالات ہوتے ہیں، اس لیے آپ کی دوستی لوگوں کے لیے کامیابی کی ضمانت بن جاتی ہے۔
حوت (Pisces)
برج حوت تخیل اور تخلیقیت کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ آپ کیلئے کوئی بھی کام ناممکن نہیں۔ آپ علم و دانش کے معمار ایس ٹی کولرج کے اس قول کی عملی تعبیر ہیں:’’تخیل حقیقت سے برتر ہے‘‘۔ آپ کی امید پرستی اور دنیا کو جنت بنانے کا تخیل چہرے کو روحانی توانائی سے مالا مال کرکے ایسی خوبصورتی اور انفرادیت عطا کرتا ہے، جسے بھلاناممکن نہیں ہوتا۔