روہڑی میں ٹرین اور مسافر کوچ کے تصادم کے بعد وزیر ریلوے شیخ رشید نے حادثےکی ذمہ داری بس ڈرائیور پر ڈال دی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اس جگہ پر برج بنا ہوا ہے لیکن بس ڈرائیور نے وہاں سے گزارنے کی کوشش کی جو ٹریفک کے لیے نہیں تھی، اس لیے یہ حادثہ ہوا، یہ خالصتاً بس ڈرائیور کی غلطی ہے۔
واضح رہے کہ روہڑی میں گذشتہ روز ہونے والے ٹرین اور مسافر بس کے تصادم میں جاں بحق 12 افراد کی شناخت کرلی گئی ہے، جبکہ 9 میتوں کو قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق کراچی، خوشاب، سوات، خیرپور کے علاقوں سے ہے، 7 میتوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل کےمطابق حادثے کے 26 زخمی اس وقت سکھر، روہڑی اور پنوعاقل اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، جبکہ ہلاک شدگان کی میتیں ان کےآبائی علاقوں کی طرف روانہ کرنے کے لیے انتظامات کیے جا رہےہیں۔