آزاد جموں کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جب بھی کشمیر پر حملے کی بات کرتا ہے تو وہ اصل میں کشمیر نہیں، پاکستان کو توڑنے کی بات کرتا ہے۔
کراچی کے مقامی ہوٹل میں پروفیشنل یوتھ فاؤنڈیشن کے تحت کشمیر میڈیا کانفرنس سے خطاب میں آزاد کشمیر کےصدر سردار مسعود خان نے کہا کہ اس وقت بھارت میں جو آگ لگی ہے، یہ خود بھارت کی لگائی گئی ہے۔ وہاں لوگ اپنے وطن میں بے گھر اور ان کی زمین چھینی جارہی ہے۔ ان حالات کے بعد جو نعرہ صرف آزاد کشمیر کے لیے تھا وہ پورے بھارت میں پھیل گیا ہے۔
ا ن کا کہنا تھا کہ ذرائع ابلاغ کو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو سامنے لانے کی ضرورت ہے۔ہماری توجہ دنیا میں ہونے والے ڈیولپمنٹ سے ہٹ جاتی ہے مگر میڈیا کشمیر کے لیئے جگہ بنائے۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سردار نزاکت اور پاکستان تحریک انصاف کے شاہ نواز جدون سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ بھارت کشمیر میں عوام پر ظلم ڈھا رہا ہے ایسے میں عالمی طاقتوں کی خاموشی مجرمانہ ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کیا جائے۔