• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائلین کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے، چیف جسٹس

لاہور(اے پی پی) چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ سائلین کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے، انہوںنے ہدایت کی کہ زیرالتوا مقدمات نمٹانے کیلئے تمام عدالتوں اور ٹربیونلز میں فوری طور پر ججز تعینات کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس ہفتہ کے روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اسلام آباد سمیت ملک کے چاروں ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان نے شرکت کی،اجلاس میں عدلیہ کی کارکردگی اور آبادی کے تناسب سے ججوں کی تعداد کا جائزہ لےنے سمیت زیر التوا ءکیسوں کو جلد نمٹانے سے متعلق تجاویز اورعدالتی امور کی انجام دہی کیلئے ضروری انفراسٹرکچر کی دستیابی کامعاملہ بھی زیرغورآیا،اجلاس میں ٹربیونلز اور خصوصی عدالتوں میں خالی اسامیوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں صنفی اوربچوں کے مقدمات کی سماعت کے لیے قائم خصوصی عدالتوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عدالتوں میں ججز کی خالی آسامیاں 6 ماہ میں پر کی جائیں گی،عدلیہ میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے،پاکستان بھر کی تمام خصوصی عدالتوں اور ٹربیونلز میں کیس فلو مینجمنٹ سسٹم متعارف کروائے جائینگے،کمیٹی کے اجلاس میں قومی عدالتی آٹومیشن یونٹ قائم کرنے کی منظوری دیدی گئی، نیشنل جوڈیشل آٹومیشن یونٹ مقدمات کی مانیٹرنگ کیلئے تمام صوبوں کیلئے سنٹرلائز ڈیش بورڈ تیار کرے،تمام ہائیکورٹس مستقبل میں خالی ہونے والی ججز کی آسامیوں سے متعلق کیلنڈرز مرتب کریں گی۔

تازہ ترین