دوحہ (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج ایک تاریخی دن ہے، ہمارے مصالحانہ کردار کو دنیا سراہ رہی ہے، ہمارے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔ہفتے کو دوحہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں بہت سی مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا رہا لیکن ہم ثابت قدم رہے،میری ابھی مائیک پومپیو سے ملاقات ہوئی،انہوں نے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اعتراف کیا کہ مرحلہ پاکستان کی کوششوں کے بغیر طے ہونا ممکن نہیں تھا،میں نے پومپیو سے کہا کہ آج تاریخی معاہدے پر دستخط سے جو فضا قائم ہوئی ہے اسے برقرار رہنا چاہیے اب جلد از جلد قیدیوں کے تبادلے کے اقدامات ہونے چاہئیں،مارچ کی ابتداء میں ایک جامع وفد تشکیل دیا جائے جو انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز کرے تاکہ لوگوں کے اعتماد میں اضافہ ہو اور وہ سمجھیں کہ جن نکات پر اتفاق ہوا اب ان پر عمل درآمد ہو رہا ہے۔