ماں کا لفظ بہت میٹھا اور پیارا ہے۔ محبت، ایثار اور قربانی کا پیکر، ماں وہ ہستی ہے ،جو سب سے زیادہ ہم سے پیار کرتی ہے۔ذرا آج کل کے ڈراموں میں ماں کا کردار ادا کرنے والی اداکارائوں پر کچھ بات کر لیں۔پہلے پی ٹی وی کے ڈراموں میں عشرت ہاشمی، تیز طرار ماں، عذرا شیروانی ٹھسہ دار ماں، قیصر نقوی اور ذہین طاہرہ مظلوم ماں، سلطانہ ظفر اور عائشہ خان سمجھدار ماں، نسرین قریشی فیشن ایبل ماں، زینت یاسمین، سلجھی ہوئی ماں، غزالہ کیفی ستم زدہ ماں، طلعت صدیقی اور ریحانہ صدیقی روتی پیٹتی ماں، عرش منیر چیختی چلاتی ماں کے کردار میں بہت پسند تھیں۔
موجودہ زمانے میں ماں کے کردار میں صبا حمید، عتیقہ اوڈھو، بشریٰ انصاری اور صبا فیصل سپرہٹ ہیں۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ مذکورہ تمام فنکارائیں ہیرو کی ماں کے کردار میں زیادہ کاسٹ کی جا رہی ہیں۔ 90فیصد ڈراموں میں ان کا کردار یکساں نوعیت کا ہے، یعنی بہو کے ساتھ محاذ آرائی۔ شگفتہ اعجاز، فضیلہ قاضی، روبینہ اشرف، مہک علی، نِدا ممتاز، ارسہ غزل وغیرہ بھی ماں کے کرداروں میں خوب جلوہ گر ہیں۔
ٹی وی کے سیاسی ٹاک شوز میں بھی ہم نے انہیں دیکھا، جہاں دیگر سیاسی جماعتوں کی گھاگ اور تجربہ کار خواتین نے ان کو ناک آئوٹ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ ہمیں خوشی ہے کہ عتیقہ نے ان کی سطح پر آنے کے بجائے اور ٹیلی ویژن پر زبانی تیراندازی اور لڑائی جھگڑے کے بجائے گھر بیٹھنے کو فوقیت دی۔ عتیقہ نے خود کو تو عملی سیاست سے دور کر لیا کیوں کہ ان کی پارٹی اب اتنی فعال نہیں ۔
تاہم انہوں نے ایک دوسری سیاسی جماعت کے رہنما سے شادی کر لی۔ وراسٹائل فنکارہ بشریٰ انصاری کے بارے میں کیا کہیں۔ بہت باصلاحیت، ہمہ جہت، شوخ و چنچل اور ہردلعزیز فن کارہ ہیں۔بشریٰ انصاری سنجیدہ کردار بھی مہارت سے کرتی ہیں اور شوخ بھی۔ بشریٰ انصاری کی سہیلی اور نامور فن کارہ صبا حمید کے ڈراموں کی ایک طویل فہرست ہے۔ لاہور سینٹر سے ان کے بہت ڈرامے نشر ہوئے۔ سکینہ اور سنڈریلا ہمیں بہت پسند ہے، جس میں ان کے ساتھ آغا سکندر مرحوم بھی تھے۔ ’’فیملی فرنٹ‘‘ ان کا خاصا مقبول ڈراما تھا، جو کافی عرصے تک نشر ہوا۔ اب صبا ماں کے کردار میں آتی ہیں اور وہ بھی ہیرو کی ماں یعنی روایتی ساس، جو نئی نویلی بہو کی زندگی اجیرن کرتی ہے۔
صبا حمید کے ساتھ ہم نے ایک ڈراما ’’خواب عذاب‘‘ کیا تھا، جس میں وہ سعدیہ امام کی والدہ بنی تھیں۔ اس ڈرامے کو یونس جاوید نے تحریر کیا تھا، جو ’’اندھیرا اجالا‘‘ جیسا شان دار ڈراما لکھ چکے ہیں۔ ’’خواب عذاب‘‘ میں ہمارے ساتھ محمد قوی خان، ریحانہ صدیقی، فیصل رحمان، سلیم شیخ اور سہیل احمد شامل تھے۔ سہیل احمد آج کل عزیزی کے کردار میں ایسے ڈھل گئے ہیں کہ لوگ اب انہیں ان کے اصل نام کے بجائے عزیزی کہہ کر پکارتے ہیں۔ صبا حمید نے ٹیلی ویژن کے معروف اداکار وسیم عباس سے شادی کی۔ وسیم عباس صف اول کے سینئر ایکٹر ہیں۔ صبا کی صاحب زادی میشا شفیع اداکارہ اور گلوکارہ ہیں۔ صبا حمید کی طرح صبا فیصل کا تعلق بھی لاہور سے ہے۔ اس وقت صبا فیصل ہر قسم کی ماں یعنی ظالم یا مظلوم، امیر یا غریب، چالاک یا معصوم، سازشی یا ذہین غرض یہ کہ کوئی بھی ماں کا کردار ہو اس کے لیے فیورٹ ہیں۔
طاہرہ واسطی، عذرا آفتاب، نسرین شگفتہ، عبیدہ انصاری، عذرا منصور، نگہت بٹ، سلمیٰ ظفر، نجمہ محبوب، نعیمہ گرج، نیئر کمال، بدر خلیل، جہاں آراء حئی، عطیہ شرف، کلثوم سلطان، نائلہ جعفری، رابعہ نورین سمیت بہت سی فنکارائیں ہیں، جنہوں نے ماں کا کردار بخوبی ادا کیا۔