• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہلی فسادات، بھارتی پارلیمنٹ میں ہنگامہ، ہاتھا پائی، اپوزیشن نے مودی اورامیت شاہ سے استعفیٰ مانگ لیا

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی پارلیمنٹ کا اجلاس ہنگامے کی نذر ، اپوزیشن کو نئی دہلی فسادات پر بولنے کی اجازت نہ دینے پراجلاس میں ہنگامہ آرائی ، ایوان میں ہاتھا پائی ، ایک دوسرے کیخلاف نعرے، دونوں ایوانوں کی کارروائی ملتوی کرنا پڑگئی۔

اپوزیشن جماعتوں نے دہلی میں مسلم کش فسادات کا الزام بی جے پی پر عائد کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ،لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کانگریس کے رہنما ادھیر رنجن چودھری نے ملکی دارالحکومت میں تشدد امیت شاہ کی نگرانی میں ہوا ہے۔ 

یہی مغربی بنگال میں بھی ہو رہا ہے۔ وہاں بھی گولی مارو سالوں کو جیسے اشتعال انگیز نعرے لگائے جارہے ہیں۔ بی جے پی ملک کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پورا ملک ہی دھیرے دھیرے فرقہ وارانہ تشدد کی زد میں آ رہا ہے۔ 

بھارتی پارلیمنٹ میں بجٹ اجلاس کے دوسرے دور کی کارروائی پیر کو شروع ہوتے ہی اپوزیشن جماعتوں نے دہلی فسادات پر بولنے کی اجازت نہ ملنے کے خلاف زبردست احتجاج کیا، جس کی وجہ سے لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں ایوانوں کی کارروائی ملتوی کرنا پڑی۔

اپوزیشن جماعتوں نے دہلی فسادات میں بڑے پیمانے پر جان و مال کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ’غیر معمولی تشدد‘ کی وجہ سے ملک کی سیکولر ساکھ کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔

تازہ ترین