• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی گوادراور سبی میں کارروائی‘5مراکز سیل ‘متعدد کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے گوادر اور سبی میں کارروائیاں کرتے ہوئے مضر صحت اشیاء کی فروخت ،ملاوٹ اور صفائی کے ناقص انتظامات پر پانچ سے زائد کھانے پینے کے مراکز کو سیل جبکہ متعدد کو مجموعی طور پر ایک لاکھ ساٹھ ہزار روپے جرمانہ کیا ۔بی ایف اے کی معائنہ ٹیم نے ڈائریکٹر آپریشنز غلام مرتضیٰ کی سربراہی اور اسسٹنٹ کمشنر سبی ارباب عنایت اللہ کاسی و ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ سبی شہر میں قائم ملک شاپس ،بیکرز ،فوڈ پوائنٹس اور منرل واٹر پلانٹس سمیت کھانے پینے کے مختلف مراکز کا معائنہ کیا اور اشیاء کی کوالٹی اور صفائی کے انتظامات چیک کیے ۔معائنے کے دوران سیفٹی ٹیم کی جانب سے متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے جبکہ مالکان کو قابل خوراک و معیاری اشیاء فروخت کرنے کی ہدایت کی گئی، مزید برآں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز نگہت دین کی سربراہی میں بی ایف اے کی ایک اور معائنہ ٹیم نے گوادر شہر اور ملحقہ علاقوں میں موجود آئس فیکٹریوں ،خوردنی تیل و گھی اور مصالحہ جات بنانے و فروخت کرنے کے مراکز وغیرہ کا معائنہ کیا۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے مذکورہ مراکز کے مالکان کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیاء خوردونوش تیار و فروخت کرنے کی ہدایت کی اور اس حوالے سے خصوصی ہدایت نامے بھی دیئے گئے۔فوڈ اتھارٹی حکام نے مذکورہ اضلاع میں دوران چیکنگ متعدد کھانے پینے کے مراکز، منرل واٹر پلانٹس سے برف کی تیاری میں استعمال ہونے والے پانی اور مختلف اشیاءکے نمونے بھی حاصل کیے جنہیں بعدازاں لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیا گیا۔علاوہ ازیں بی ایف اے کی کوئٹہ میں تعینات فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز نقیب اللہ ناصر کی سربراہی میں مغربی بائی پاس کوئٹہ میں قائم ریسٹورنٹس، جنرل ا سٹورز، سویٹس اینڈ بیکرز ،میٹ شاپس کا معائنہ کیا اور مذکورہ مراکز میں صفائی کی صورتحال کی بہتری اور پروڈکشن یونٹس میں معیاری و محفوظ خوراک کی تیاری سے متعلق مالکان و عملےکو خصوصی ہدایات دی گئیں جبکہ انہیں بی ایف اے کے وضع کردہ اسٹینڈرڈ کے حوالے سے ایس او پیز بھی فراہم کیے گئے۔
تازہ ترین