پاکستان سُپر لیگ میں گزشتہ روز کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو آرام دیا گیا لیکن پشاور زلمی کے کپتان کے سوشل میڈیا پیغام نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔
راولپنڈی میں جب کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے کپتان ٹاس کرنے میدان میں آئے تو تماشائیوں کو یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ ڈیرن سیمی میچ میں کپتانی نہیں کررہے۔
سیمی کی جگہ وہاب ریاض کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے، ٹاس کے بعد جب وہاب ریاض سے سیمی کے بارے میں پوچھا گیا تو اُنہوں نے کہا کہ سیمی کو آرام دیا گیا ہے۔
ٹیم مینجمنٹ کے اس فیصلے کے بعد ڈیرن سیمی کے ٹوئٹ نے نا صرف کرکٹ حلقوں میں ہلچل مچادی بلکہ ایک پُراسرریت بھی پیدا ہوگئی۔
سیمی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میں نے یہ سیکھا ہے کہ آپ اُس وقت تک اہم ہوتے ہیں جب تک آپ اپنا کردار ادا کرتے رہتے ہیں‘
میچ کے دوران پشاور زلمی کے چیئر مین جاوید آفریدی نے بھی ڈیرن سیمی کے بارے میں بتایا کہ وہ میچ میں آرام کی غرض سے شامل نہیں ہوئے، اُن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سیمی کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی ہے۔‘
جیو نیوز کے پروگرم جشن کرکٹ میں سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر اور سکندر بخت نے بھی اس بارے میں گفتگو کی مگر ابھی تک اس راز سے پردہ نہیں اُٹھ سکا کہ معاملہ کیا ہے۔