وکٹ کیپر بیٹسمین بین ڈنک اور سمیت پٹیل کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 210 رنز کا ہدف دیا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 209 رنز بنائے۔
پی ایس ایل سیزن فائیو میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے بین ڈنک نے محمد نواز کے ایک ہی اوور میں لگاتار 4 چھکے لگائے۔
اوپنر فخر زمان 15 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، کرس لین نے 22 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ محمد حفیظ بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے۔
50 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد بین ڈنگ اور سمیت پٹیل نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں جانب چوکے اور چھکے لگائے۔
بین ڈنک اور سمیت پٹیل کے سامنے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سب ہی بولرز بالکل بے بس نظر آئے، دونوں بیٹسمینوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں چھکوں کی بارش کرتے ہوئے 155 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
سمیت پٹیل 40 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بین ڈنک نے صرف 43 گیندوں پر 93 رنز بنائے، اُن کی اننگز میں 10 چھکے شامل تھے جو پی ایس ایل میں کسی بھی بیٹسمین کے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔
یوں لاہور قلندر نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے 16ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایک تبدیلی کی ہے، فواد احمد کی جگہ سہیل خان کو ٹیم میں شامل کی گیا ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پچ بولنگ کے لیے ساز گار لگ رہی ہے، جلد وکٹیں حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے کہ 170 سے زیادہ اسکور کرنے کا پلان ہے، ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 5 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم تین میچز کھیل کر اب تک کوئی پوانٹ حاصل نہیں کرسکی ہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم نے 5 میچز کھیل کر 8 پوائنٹس حاصل کیے ہیں، یوں وہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔