• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس: ٹوئٹر اور گوگل اسٹاف کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات سے بچاؤ کے لیے ٹوئٹر نے دنیا بھر میں موجود اپنے اسٹاف کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کر دی، گوگل نے بھی اپنے ہیڈکوارٹر کے ملازمین کو ایک دن کے لیے گھر بھیج دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس کے اواخر میں وسطی چین سے شروع ہونے والی یہ وبائی بیماری اب دنیا بھر میں پھیل گئی ہے، اور اب تک 3100 افراد اس کا شکار ہوکر اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں، جبکہ 90 ہزار سے زیادہ افراد وائرس میں مبتلا ہیں جس کے نتیجے میں سفری پابندیوں کی ایک لہر امڈ آئی ہے۔

چین کے بعد سب سے متاثرہ ملک جنوبی کوریا ہے جہاں پر ایسے مریضوں کی تعداد تقریباً 5 ہزار ہے، جبکہ جنوبی کوریا میں اب تک 28 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جاپان میں اسکول بند کردیئے گئے ہیں اور آجروں نے اپنے ورکروں کو گھر سے بیٹھ کر کام کرنے کی اجاز ت دی ہے۔

ٹوئٹر کی ہیومن ریسورس چیف جینیفر کرسٹی نے بتایا کہ ہم دنیا بھر میں موجود اپنے اسٹاف کی گھروں سے کام کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد اس بیماری کے پھیلنے کے امکان کو کم سے کم کرنا ہے۔ جنوبی کوریا، جاپان اور ہانگ کانگ کے اسٹاف کے لیے یہ پابندی لازمی ہے۔

ٹوئٹر کے اس اقدام کو اب کئی ملکوں نے بھی اپنالیا ہے اور وائرس سے متاثرہ حکومتوں نے بھی اپنے ملازمین کو گھرو ں سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ادھر آئرلینڈ میں گوگل کے یورپی ہیڈکوارٹر کے ایک ملازم میں فلو سے مشابہہ علامات سامنے آنے کے بعد گوگل نے ہیڈکوارٹر کے تمام ملازمین کو ایک روز کے لیے گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے، آئرلینڈ میں اب تک کورونا وائرس کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

تازہ ترین