اسلام آباد (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مہنگائی کم ہونے کے جھوٹے دعوئوں کی گورنر اسٹیٹ بنک نے قلعی کھول دی ہے۔مزدور ظلم و جبر کے موجودہ نظام کو بدلنے اور ملک میں شاندار اسلامی انقلاب کے لیے متحد ہو جائیں۔ حکومت نے تیل کی قیمتوں میں عالمی سطح پر ہونے والی کمی کا ثمر عوام تک نہیں پہنچنے دیا۔ حکومت ایک طرف مہنگائی کم کرنے کے دعوے کر رہی ہے اور دوسری طرف سرکار پٹرولیم مصنوعات پر لگائے گئے ظالمانہ ٹیکسوں سے 10 ارب روپے سے زیادہ ماہانہ کمائے گی۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، مگریہاں صرف پانچ تا سات روپے فی لٹر کمی گئی ہے۔حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 تا20 روپے فی لٹر کمی کرسکتی تھی۔