• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خلیل الرحمان قمر نے تہذیب کی تمام حدیں پھلانگ دیں

خلیل الرحمان قمر نے تہذیب کی تمام حدیں پھلانگ دیں


ڈراما نگار خلیل الرحمان قمر نے اخلاقیات کی دھجیاں اُڑادیں، ایک ٹی وی شو میں گفتگو کی تہذیب بھول کر آپے سے باہر ہوگئے۔ خاتون سماجی کارکن سے بد زبانی کرتے رہے اور گالم گلوچ پر اُترآئے۔

میرا جسم میری مرضی، ایک ٹی وی ٹاک شو میں اس معاملے پر بحث کے دوران ڈراما سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کے مصنف خلیل الرحمان قمر نے تہذیب کی تمام حدیں پھلانگ دیں۔

ٹی وی پر لائیو بیٹھ کر تجزیہ کار اور سماجی کارکن ماروی سرمد سے سرعام گالم گلوچ کی تو پروگرام کی اینکر پرسن نے بھی انہیں نہیں روکا۔

تیرا جسم ہے کیا؟ تھوکتا نہیں کوئی تیرے جسم پر۔ اپنا جسم دیکھو جاکر۔ اپنی شکل دیکھی ہے تم نے۔ بے حیا عورت۔ گھٹیا عورت۔ بدتمیز عورت۔ تیری ایسی کی تیسی۔ بکواس بند کرو۔

یہ کسی ڈرامے کے ڈائیلاگ نہیں بلکہ’میرے پاس تم ہو‘ ڈرامے سے شہرت پانے والے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے خواتین سے متعلق خیالات ہیں، جو انہوں نے براہ راست لائیو پروگرام میں نجی ٹی وی چینل پر ادا کیے۔

براہ راست ٹی وی پروگرام میں عوام نے معروف ڈرامہ نگار کا عورتوں سے متعلق ایک نیا روپ دیکھا۔

عورت مارچ کے معاملے پر ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بحث کے دوران خلیل الرحمان قمر نے میرا جسم میری مرضی کے نعرے پر بات کرتے ہوئے معروف سماجی کارکن اور تجزیہ کار ماوری سرمد کو برا بھلا کہتے ہوئے تہذیب کی تمام حدیں پار کردیں۔

خلیل الرحمان نے ناصرف ماری سرمد کے جسم سے متعلق نازیبا الفاظ کا استعمال کیا بلکہ ان کو سرعام گالیاں بھی دیں۔

ڈراما نگار خلیل الرحمان قمر نے لائیو بحث کے دوران خواتین سے متعلق اپنے خیالات کا بے دردی سے پرچار کیا، جس پر سوشل میڈیا پر ان کے خلاف شدید مذمتی بیانات اور بائیکاٹ کرنے کے پیغامات سامنے آ رہے ہیں۔

خلیل الرحمان قمر کے خلاف بائیکاٹ کرنے کی پٹیشن پر دستخط بھی کیے جارہے ہیں، عوام پوچھ رہے ہیں کہ ٹی وی ڈرامہ کے ذریعے عوام کو سبق دینے والے، سوسائٹی کی حالات دکھانے والے کا اصل چہرہ ہے کیا؟

خلیل الرحمان قمر کے ماری سرمد اور خواتین سے متعلق تضحیک آمیز بیانات اور گالم گلوچ نے کچھ سوال صحافتی اقدار، تربیت، اور اداراجاتی ذمہ داری پر بھی اٹھائے ہیں۔

ایک اینکر پرسن نے کس طرح خلیل الرحمان قمر کو اس حد تک جانے کی اجازت دی، اسے روکا کیوں نہیں؟

تازہ ترین