• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب صرف اسکو گرفتار کرتا ہے جس سے حکومت خائف ہو ،شاہد خاقان

کراچی(ٹی وی رپورٹ) سابق وزیر اعظم اور ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سیاسی لیڈر کو آپ کبھی مائنس نہیں کرسکتے ،اس بات میں صداقت ہے کہ نیب صرف اس کو گرفتار کرتا ہے جس حکومت خائف ہے وزیراعظم قوم کو بتائیں کہ وہ ٹیکس کتنا دیتے ہیں،وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف لیتے ہوئے بخوبی ذمہ داری کا احساس تھا اور ملک کے موجودہ سیاسی اور معاشی حالا ت سے واقف تھا ۔کچھ نجی وجوہات کی وجہ سے وزیراعظم کا عہدہ لینے پر رضا مند نہیں تھا لیکن پارٹی کی ایک لمبی نشست کے بعد نواز شریف کی جانب سے مجھے وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔نواز شریف کو جس نا انصافی سے نکالاگیا اس فیصلے کی وجہ سے وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے حق میں نہیں تھا۔ضمیر مطمئن تھا اس لئے جیل میں جو وقت گزاراچھا گزرا ،یہاں نیب میں جو برتاوٴ کیا جا تا تھا اس کی مکمل رپورٹس حکومت وقت کو جایا کرتی تھیں، جیل میں پی ٹی آئی کے ضلع کے عہدیدار آئے یہ دیکھنے کے لئے کہ کیا سہولتیں موجود ہیں ۔بی کلاس کی سہولتوں کی اجازت ملنے کے باوجود کبھی کسی قسم کی اضافی سہولتیں نہیں مانگی ۔ایک انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میرے خلاف جو کیس دائر کیا گیا وہ ملک کے ریلوے کے وزیر شیخ رشید کی جانب سے درخواست دی گئی۔ یہ حقیقت ہے کہ آج نیب اور حکومت ملی ہوئی ہے ، اس کا اظہار وزیراعظم اپنی تقریروں میں کئی بار کر چکے ہیں اور اس بات میں صداقت ہے کہ نیب صرف اس کو گرفتار کرتا ہے جس سے حکومت خائف ہو۔بقول بشیر میمن ڈی جی ایف آئی اے وزیراعظم صاحب نام لے لیکر کہتے تھے کہ اس کو گرفتار کرو اس پر کیس بنا وٴ اور یہ ایک گھٹیا سوچ ہے یہ ایک ملک دشمن سوچ ہے ۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان بڑے طاقتور آدمی ہیں وزیراعظم کی جانب سے کئی بار یہ اعتراف کیا گیا کہ نیب میں چلا رہا ہوں اس سے بڑا غیر قانونی بیان کوئی وزیراعظم نہیں دے سکتا۔
تازہ ترین