آپ آف لائن ہیں
اتوار 15؍ شوال المکرم 1441ھ 7؍جون 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

کامیاب زندگی گزارنے والے افراد کی خصوصیات

کامیابی کی تعریف کیا ہے؟ ایک مقصد کو حاصل کرلینا۔ ایک کوشش سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا۔ شہرت، دولت یا معاشرے میں ایک خاص مقام حاصل کرلینا۔ یہ چند ایسی تعریفیں ہیں، جنھیںکامیابی تصور کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انسان ہمیشہ کچھ زیادہ پانے کی خواہش میں پہلے سے زیادہ محنت اور زیادہ دیر کام کرنے کا متمنی رہا ہے کیونکہ وہ سمجھتا ہے کہ یہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے وہ اپنے لیے زیادہ کامیابی اور زیادہ خوشی حاصل کرسکتا ہے۔ 

تاہم، علم نفسیات اور سائنسی تحقیق ہمیں اس کے برعکس بتاتی ہے۔ مطالعہ سے ہمیں یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ صرف پیسہ، طاقت اور شہرت ہی سب کچھ نہیں، جس کے ذریعے انسان اپنی ہر ضرورت پوری کرسکتا ہے۔ انسان کو اس سے بڑھ کر اور بھی بہت کچھ چاہیے ہوتا ہے۔ یہ بات کسی حد تک دُرست ہے کہ انسان پیسے سے ضرورت کی ہر چیز خرید سکتا ہے لیکن ضروری نہیں ہے کہ اسے ہر وہ چیز پیسوں سے مل جائے جس سے اسے خوشی محسو س ہوتی ہے۔

نئے دور میں انسانی کامیابی کو اس کی خوشی کے پیمانے میں ناپا جاتا ہے۔ تو آخر خوشی کیا ہے اور آپ میں ایسی کیا خوبیاں ہونی چاہئیں جو آپ کے لیے کامیابی کی ضمانت بن سکتی ہیں؟ ماہرین کے مطابق، ویسے تو ہر شخص دوسرے سے مختلف ہوتا ہے، تاہم کامیاب اور خوش و خرم زندگی گزارنے والے افراد میں مندرجہ ذیل 7خصوصیات مشترک ہوتی ہیں۔

مقصد لے کر چلنا

کامیاب افراد زندگی میں ایک مقصد لے کر چلتے ہیں۔ وہ اس مقصد کو تلاش اور اسے بیان کرنے میں وقت صرف کرتے ہیں۔ انھیں معلوم ہوتا ہے کہ وہ زندگی میں کہاں جانا چاہتے ہیں (صرف پیشہ ورانہ نہیں زندگی کے ہر شعبے میں) اور وہ جانتے ہیں کہ یہ ان کے لیے اور ان سے وابستہ ہر شخص کے لیے بہتر ہے۔ ان کی ایک یہی خوبی ان کی کامیابیوں کو بامقصد بناتی ہے۔

نئی چیزیں سیکھنا

دنیا سے متعلق اپنے نقطۂ نظر کو وسیع کرنے میں ہم خوشی محسوس کرتے ہیں اور کامیاب لوگ اس بات سے اچھی طرح باخبر ہوتے ہیں۔ زندگی، دنیا اور اس کے عجائبات سے متعلق اپنے علم میں اضافہ کرنا ’پرسنل ڈیویلپمنٹ‘ کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے۔ سان فرانسسکو اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وہ لوگ جو مادی اشیا کے بجائے زندگی میں نئے تجربات پر پیسہ خرچ کرتے ہیں، وہ زیادہ خوش رہتے ہیں۔ 

اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ ایک ’بیک پیک‘ لے کر دنیا کی سیر پر نکل جائیں بلکہ آپ کئی طریقوں سے اپنے مزاج اور سوچ کے مطابق زندگی میں نئے تجربات کرسکتے ہیں۔ بس اس کے لیے شرط یہ ہے کہ آپ کو اپنے ’آرام کے دائرے‘ (کمفرٹ زون) سے نکل کر ’لائف لانگ لرننگ اپروچ‘ کو اختیار کرنا پڑے گا۔

منزل پر پہنچنے میں واضح ہونا

کامیاب لوگ پیسہ، طاقت اور شہرت حاصل کرنے کے طریقہ کار میں بالکل واضح ہوتے ہیں۔ وہ اس منزل تک پہنچنے کے لیے اپنی سمت کا بالکل شروع میں ہی واضح تعین اور اعلان کردیتے ہیں۔ وہ ذرائع اور وسائل کے حصول پر مطمئن نہیں ہوجاتے بلکہ اسے اپنی منزل کو حاصل کرنے کا ایک ذریعہ سمجھتے ہیں اور اسی میں خوش رہتے ہیں۔

دوسروں کی کامیابی پر خوش ہونا

کامیاب لوگ اپنی کامیابیوں کا دوسروں کی کامیابیوں سے موازنہ ضرور کرتے ہیں لیکن وہ اسے مثبت، تعمیری اور تعریفی انداز میں لیتے ہیں۔ وہ دوسروں کی بہتر صلاحیتوں اور ہنر کی نشاندہی کرکے انھیںاپنی ’پرسنل ڈیویلپمنٹ‘ کے لیے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ایسا کرنے میں وہ رقابت یا حسد کا جذبہ نہیں رکھتے۔ کامیاب لوگوں کو پتہ ہوتا ہے کہ حسد یا رقابت کا جذبہ پروان چڑھا کر وہ اپنا ہی نقصان کریں گے۔ کامیاب لوگ صرف خود سے مقابلہ کرتے ہیں، وہ دوسروں کو رول ماڈل بناتے ہیں حریف نہیں۔

ہم احساسی

کامیاب لوگ دوسروں کے لیے انتہائی ہم احساسی (Empathy)کے جذبہ سے لبریز ہوتے ہیں۔ وہ ایک ایسی دنیا تخلیق کرتے ہیں جس میں دوسروں کی مدد کی جاسکے، وہ ان کی صلاحیتوں کے معترف ہوتے ہیں اور ان کے ساتھ رہتے ہیں۔ کامیاب افراد دوسروں کو سُنتے ہیں اور ان کا خیال رکھتے ہیں۔ انھیں پتہ ہوتا ہے کہ تنہا چل کر وہ کبھی بھی کامیابی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے۔ لیڈرشپ اور کامیابی کے لیے ہم احساسی کا جذبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے کیونکہ اس کے باعث آپ خود کو سامنے والے کی جگہ پر رکھ کر ان کے جذبات اور نقطۂ نظر کو ان کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

لائف اسٹائل

کامیاب لوگ زندگی کو ’ورک-لائف بیلنس‘ کے معیار پر نہیں ناپتے۔ وہ اپنے ہر لمحے کو زندگی کے بہترین وقت کے طور پر گزارتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ انھیں زندگی ایک بار ملی ہے، اسی لیے وہ اسے بھرپور انداز میں گزارتے ہیں۔ وہ اپنا الگ ’لائف اسٹائل‘ ترتیب دیتے ہیں۔ وہ جو کچھ بھی کرتے ہیں اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ وہ انتہائی محنتی ہوتے ہیں اور ایک ایسا لائف اسٹائل اپناتے ہیں، جس پر انھیں فخر محسوس ہو۔

خود کو چیلنج کرنا

کامیاب لوگ ہمیشہ خود کو چیلنج کرتے رہتے ہیں۔ دراصل وہ ’چیلنج میکر‘ ہوتے ہیں۔ چیلنج آپ کو دماغی طور پر مضبوط بناتا ہے، اس کے ذریعے آپ خوف پر قابو پاتے ہیں۔ چیلنج آپ کی حدود کا تعین کرتا ہے اور آپ کی توجہ کو بہتر بناتا ہے۔ یہ آپ کے نقطۂ نظر میں پختگی اور اعتماد پیدا کرتا ہے۔ کامیاب لوگ چیلنجز میں مواقع دیکھتے ہیں اور اس کے ذریعے اپنے لیے بلند نظر اہداف مقرر کرتے اور انھیں حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ چیلنجز کے ذریعے پھلتے پھولتے ہیں۔

تعلیم سے مزید