لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ میں ہفتے کو لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان اہم ترین میچ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے لئے میچ اہم ہے اور غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔ پنڈی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈکا میچ کھیلا جائے گا۔ کوئٹہ نے سات میں سے تین میچ جیتے ہیں اور اسے چار میچوں میں شکست ہوئی ہے۔ لاہور قلندرز کی کارکردگی مایوس کن ہے اس نے پانچ میں سے صرف ایک میچ جیتا ہے اسے چار میچوں میں شکست ہوئی ہے۔ زلمی کے خلاف کوئٹہ کی ٹیم مقررہ 15اوورز میں 140رنز ہی بنا سکی تاہم اکثر سوشل میڈیا صارفین نے اس شکست کا ذمہ دار احمد شہزاد اور بین کٹنگ کے حوالے سے متنازع نو بال فیصلے کو قرار دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ایک پرستار نے لکھا کہ احمد شہزاد 90رنز کے فرق سے سنچری نہ بنا سکے۔ احمد شہزاد آج کل بری فارم کا شکار ہیں۔ یہی وجہ تھی کہ پچھلے چند میچوں میں احسان علی کو ان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ وہ بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔