موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی نہ صرف موسم معتدل ہو جاتاہے بلکہ ا س موسم میں کِھلنے والے پھول ہمارے روز و شب کو خوشگوار بنادیتے ہیں۔ اسی لیے اس موسم میں کراچی ، لاہور، اسلام آباد ، فیصل آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں جابجا پھولوں کی نمائشیں بھی منعقد کی جاتی ہیں۔ ساتھ ہی سڑکوں کے کنارے لگے پودوں میں کِھلتے پھول ایک عجب سماں باند ھ دیتےہیں۔
ہم بھی کوشش کرتے ہیں کہ اس موسم کے پھولوں کو اپنے گھر کی زینت بنائیں اور انھیں اپنی کیاریوں میں اُگائیں۔ موسم بہار کے پھولوں اور سبزیوں کا سلسلہ سردیوں کے آواخر سے ہی شروع ہوجاتاہے، یوں موسم بہار میں کی جانے والی باغبانی آپ کو موسم گرما میں پھل اورسبزیاں فراہم کرتی ہے۔
موسم ِ بہار کے پھول
اگر آپ اپنے پائیں باغ، عمودی باغ یا گھر میں رکھی پورٹ ایبل کیاریوں میں پھول اور پودے اُگانا چاہتے ہیں تو ایسے پودوں کا انتخاب کریں جو سستے بھی ہوں اور بآسانی اُگ بھی جائیں۔ ایسے ہی چند پودوں کا ذکر ذیل میں کیا جارہا ہے۔
فلاکس : ا س کے چھوٹے چھوٹے خوبصورت پھول ہوتے ہیں۔ اپنی دلکشی کی وجہ سے یہ آپ کے گھر میں ایک نیا حُسن بکھیر دیں گے۔
پٹونیا(Patunia) : یہ بہت کفایتی پودا ہے اور گملے سمیت آ پ کو 100روپے میں مل سکتاہے۔ اس ننھے سے پودے میں دنیا کا ہر رنگ مل جاتاہے۔ اس کی دیکھ بھال کی کوئی خاص ضرورت نہیں ہوتی، بس مناسب پانی دیتے رہیں۔ یہ سارا سیزن پھول دیتاہے اور اس کے روزانہ کھلنے والے پھول دیکھ کر آپ خوشی سے پھولے نہ سمائیں گے۔
گلِ اشرفی(Calandula) :اس پھول کی انفرادیت اور دلکش رنگ یقیناً آپ کا دل موہ لے گا۔ آپ نرسری سے اس کی پنیری بآسانی حاصل کرسکتے ہیں اور اگر پنیر ی نہ ملے تو چند چھوٹے گملے خرید لیں ۔ ا س کے پھول بھی سار ا سیز ن کھِلے رہتے ہیں۔
وروینا: یہ پودا آپ کے گھر کی دلکشی میں خوب اضافہ کریگا اور کوئی خاص مہنگا بھی نہیں ملتا۔
نسٹرشیئم (Nasturtium): اس کے پتے گول ہوتے ہیں اور اس میں گول مٹول پیلے اور سرخ پھول کھِلتے ہیں، جنہیں آپ لٹکنے والی ٹوکریوں میں سجا کر نت نئے انداز سے گھر کی خوبصورتی میں اضافہ کرسکتے ہیں۔
الیسم :اس کا دوسرا نام بجری ہے اور اس میں چھ سے سات انچ کے پودے ہوتے ہیں،جس پر بہت چھوٹے چھوٹے سفید پھول اُگتے ہیں۔ اسے آپ گملوں یا کیاریوں میں ایک ساتھ لگا سکتے ہیں۔ اس پودے کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتاہے کہ گویا کوئی سفید چاد ر بچھی ہوئی ہے۔
السی : اس کے بیج کسی پنساری کی دکان سے بھی مل جاتے ہیں، جنہیں آپ گملوں یا کیاریوں میں لگا سکتے ہیں۔ السی کا پودا آسانی سے اُگ جاتاہے اور سخت جان ہونے کی وجہ سے سارا موسم پھول دیتاہے۔
زمین کی تیاری
زمین کا بالائی حصہ اہم ہوتا ہے کیونکہ اسی حصے سے پودا پانی اور خوراک حاصل کرتاہے۔ اس لیے تقریباً ایک فٹ گہرائی تک زمین کو نرم اور بھربھرا کرلیں۔ زمین سے پتھر، پلاسٹک اورکنکر وغیرہ نکال کر اچھی طرح صفائی کرلیں اور پھر اس میں کھاد ملا دیں۔
اہم مشورے
٭ کیاریوں کے گرد حفاظتی باڑ لگائیں تاکہ پرندے اور مرغیاں پودوں کو نقصان نہ پہنچائیں۔
٭ ہمیشہ معیاری بیج یا پنیری استعمال کریں۔
٭ پودے لگانے سے پہلے ان کے فاصلے کا خیال رکھیں۔
٭ سبزی چنتے وقت ہاتھ کے بجائے انہیں قینچی سے کاٹیں تاکہ پودا خراب نہ ہو ۔
٭ پودوں کو کیڑوں سے بچانے کے لیے اسپرے بوتل میں پانی لے کر اس میں ایک چمچ کوکنگ آئل اور ایک چمچ سرف ملالیں۔ پودوں پر اس کا چھڑکائو کرنے سے وہ کیڑے مکوڑوںسے محفوظ رہیں گے۔
موسم بہار کی سبزیاں
اگر آپ موسم بہار کی سبزیوں کی کیاریاں لگائیں گے تو موسم گرما میں تازہ ترین سبزیاں پائیں گے اور تازہ سبزیوں کی بات ہی کچھ اور ہوتی ہے۔ موسم بہار کی کچھ سبزیوں کا تذکرہ چارٹ کے ذریعے کیا گیا ہے۔