وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی وزیراعظم عمران خان کی اہم ترجیح ہے،یہ وہ واحد شہر ہے جس کے متعلق وہ نام لے کر مجھ سے بات کرتے ہیں۔
گورنر ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں اسد عمر نے کہاکہ کراچی نے ہمیں پالاہے، اس شہرکواس کاحق دلوائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے بلدیاتی نظام نہیں بنایا،ماضی میں ترقیاتی منصوبے کےحوالے سے کراچی سےانصاف نہیں ہوا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ عوامی فلاحی منصوبوں کےلیے سندھ حکومت سے تعاون کریں گے،کراچی کے مسائل کے حل کےلیے بلدیاتی اداروں کو خود مختار کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھاکہ سندھ حکومت سے سیاسی اختلافات ضرور ہیں لیکن ترقی کے معاملے پر کوئی اختلاف نہیں ۔
اسد عمر نے یہ بھی کہاکہ کراچی کےلیے محنت کرتے رہے ہیں،کے فور منصوبے کےلیے وفاق اپنے حصے کا فنڈ ادا کرے گا۔