• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سمت پٹیل کا تباہ کن بولنگ اسپیل، کوئٹہ کو شکست، کم ترین اسکور پر آؤٹ، لاہور کی 8 وکٹ سے فتح

پی ایس ایل، لاہور نے کوئٹہ کو ہرا دیا


لاہور( عبدالماجد بھٹی نمائندہ خصوصی)لاہور قلندرز نے انگلش اسپنر سمت پٹیل کے تباہ کن بولنگ اسپیل کی وجہ سے دفاعی چیمپین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ کو حیران کردیا اور ٹورنامنٹ میں شاندارکم بیک کرتے ہوئے ہوم گراونڈ پر میچ آٹھ وکٹ سے جیت لیا۔پاکستان سپر لیگ میں دفاعی چیمپین کوئٹہ کی بیٹنگ لائن دھوکا دے گئی ۔سمت پٹیل نے صرف پانچ رنز دیتے ہوئے اپنے چار اوورز میں چار وکٹیں حاصل کی ہیں جو اس سیزن کی بہترین بولنگ کارکردگی ہے۔یہ پی ایس ایل سیزن فائیو کا کم ترین اور لیگ میں مجموعی طور پر پانچواں کم ترین ا سکور ہے۔ کوئٹہ کو آٹھویں میچ میں پانچویں شکست ہوئی ہے تاہم تین میچوں میں کامیابی کے بعد اب بھی اس کے لئے پلے آف میں جانے کے لئے امید کی ہلکی سی امید موجود ہے۔لاہور قلندرز کو چار میچوں میں شکست ہوئی ہے اس نے دوسری کامیابی حاصل کرکے اپنے لئے امید کے چراغ روشن کئے ہیں۔قلندرز نے ہدف11.5اوورز میں پورا کرکے اپ سیٹ شکست دی۔محمد حفیظ نے32گیندوں پر39رنز ایک چھکے اور چار چوکے کی مدد سے مارے۔بین ڈنک نے21گیندوں پر30رنز ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے بنائے۔قلندرز نے دونوں میچ قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ کے خلاف جیتے ہیں۔ ایک موقع پر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ کوئٹہ کی ٹیم پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے کم اسکور 59رنز پر آوٹ ہوجائے گی۔لیکن8وکٹیں گرنے کے بعد اس نے20اوورز میں9وکٹ پر98رنز بنائے۔99رنز کے ہدف کے تعاقب میں فخر زمان 20اورکپتان سہیل اختر پانچ رنز بناکر آوٹ ہوئے۔کوئٹہ نےپاکستان سپر لیگ کی تاریخ کی سست ترین پچاس رنز بنائے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کیخلاف 13٫2 اوورز میں ففٹی مکمل کی۔ اس سے قبل پشاور زلمی کے خلاف 2017 میں قلندرز نے12.5اوورز میں پچاس رنز مکمل کئے تھے۔پی ایس ایل میں کسی بھی ٹیم کا کم ترین سکور 59 رنز ہے جو 2017 میں لاہور نے پشاور کے خلاف بنایا تھا۔اہور کے خلاف کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شروع کے 10 اوورز میں صرف 34 رنز بنائے۔ اس دوران لاہور نے 14 گیندوں پر چار وکٹیں لی ہیں۔انگلینڈ سے تعلق رکھنے والےسمت پٹیل وہ پہلے بولر ہیں جنھوں نے پی ایس ایل میں ایک ہی اوور میں بغیر کوئی رن دیتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کی ہیں۔کوئٹہ کے اوپنرز جیسن روئے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا اور شاہین آفریدی کی دوسری ہی گیند پر واٹسن ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ شین واٹسن پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔سمت پٹیل، جو دوسرا اوور کرا رہے تھے، نے گیند ا سپن کرتے ہوئے احمد شہزاد اور روئے کو کافی مشکل میں ڈالا۔اسکور 13 تک پہنچا ہی تھا کہ شاہین نے اپنی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے احمد شہزاد کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔جیسن روئے کو پٹیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ دیا گیا تھا تاہم ریویو کے ذریعے وہ بچ گئے کیونکہ بال کو بیٹ کا کنارا لگا ہواتھا۔آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی شہزاد تھے جو شاہین کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔سمت نے پہلے سرفراز احمد کو آؤٹ کیا اور پھر اگلے اوور میں چند گیندوں کے فرق سے جیسن روئے، اعظم خان اور بین کٹنگ کو پویلین رخصت کر کے چار وکٹیں حاصل کر لیں۔ سمت پٹیل کر سپن ہوتی گیند پر کپتان سرفراز کا ایج لگا اور سلپ پر بین ڈنک نے کیچ لیا۔جیسن روئے اور اعظم خان بھی پٹیل کی ا سپن نہ سمجھ سکے اور آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد بین کٹنگ پٹیل کی گیند پر ایک جارحانہ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں مڈ وکٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔پی ایس ایل کا پہلا میچ کھیلنے والے لاہور کے فرزان راجہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ انھوں نے نواز اور فواد احمد کی وکٹیں حاصل کیں۔ہیل خان نے 32رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو کسی حد تک بہتر مجموعے تک رسائی دلائی، وہ اننگز کے 19ویں اوور میں دلبر حسین کا نشانہ بنے۔سہیل خان اور زاہد محمود کے درمیان نویں وکٹ پر34رنز بنے۔

تازہ ترین