جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے مطالبہ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور عورت مارچ والے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے لیے آواز اٹھائیں۔
جماعتِ اسلامی کراچی کے تحت کراچی پریس کلب کے باہر تکریمِ نسواں ریلی نکالی گئی۔
تکریمِ نسواں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے دن کی مناسبت سے جمع ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے لیے ہم سارا سال آواز اٹھاتے ہیں، اسلام میں عورتوں کو بہت زیادہ حقوق مہیا کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: آئین میں رہ کر حقوقِ خواتین کا مطالبہ کرنا ہے، حافظ نعیم
امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا مزید کہنا ہے کہ خواتین کو دفاتر میں مسائل کا سامنا ہے، جن پر ہم بات کرتے رہتے ہیں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں یہ سوال بھی کیا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ڈاکٹر عافیہ صدیقی اور کشمیری خواتین کے لیے کیوں نہیں بولتے؟