جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ آئین میں رہتے ہوئے ہمیں خواتین کے حقوق کا مطالبہ کرنا ہے۔
کراچی کے باغِ جناح میں جماعتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام خواتین کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے، جس کے سلسلے میں حافظ نعیم الرحمٰن نے وہاں کا دورہ کیا، انتظامات کا جائزہ لیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو بھی کی۔
انہوں نے بتایا کہ کانفرنس سے امیرِ جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق بھی خطاب کریں گے، پینتیس چھتیس خواتین پورے پاکستان کی نمائندگی کی ناکام کوشش کر رہی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ احتجاج کرنے والی خواتین اپنے گھروں میں کام کرنے والی ماسیوں سے کیا سلوک کرتی ہیں؟
یہ بھی پڑھیئے: یوم خواتین پر پی پی کی کاروانِ بینظیر ریلی
امیرِ جماعت اسلامی کراچی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’خواتین کانفرنس‘ خواتین کے احساسات و جذبات کی ترجمان ثابت ہوگی۔
جماعت اسلامی کی خواتین کانفرنس اور تکریمِ نسواں مہم کا سلوگن ’قوم کی عزت ہم سے ہے‘ رکھا گیا ہے، کانفرنس میں خواتین حقوق کے چارٹر کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
خواتین کانفرنس سے جماعتِ اسلامی (حلقہ خواتین) کی مرکزی جنرل سیکریٹری دردانہ صدیقی، ودیگر خواتین رہنما بھی خطاب کریں گی۔
جماعت اسلامی کے تحت ہونے والی کانفرنس میں مختلف شعبوں و مکتبِ فکر سے وابستہ خواتین ڈاکٹرز، اساتذہ، وکلاء، طالبات اور ورکنگ ویمن سمیت شہر بھر کی خواتین شریک ہوں گی۔