کراچی(ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کی غیرمشروط حمایت کرتا ہوں، میرا جسم میری مرضی کا سلوگن مضحکہ خیز لگتا ہے، سلوگن میں اتنی گنجائش نہیں ہونی چاہئے کہ اس کی غلط تشریح کی جاسکے، خواتین کے حقوق کی طویل جنگ ہے جسے علمی، فکری اور عقلی طور پر لڑا جانا چاہئے،کراچی میں غیرقانونی تعمیرات کے پیچھےجو بھی ہو قبروں سے نکال کر پھانسی دینی چاہئے، سارا پنڈ مر جائے بلاول پھر بھی چوہدری نہیں بن سکتے ۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجیعہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔ عورت مارچ پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ عورت مارچ کی بات سچی ہے لیکن طریقہ بھونڈا ہے، سلوگن کی خوبصورتی یہی ہوتی ہے کہ وہ فول پروف ہو، میرے تو ملک کی مرضی نہیں چل رہی ہم آئی ایم ایف کے پاس گروی ہیں، میرا جسم کسی کی امانت ہے اگر جسم میرا ہوتا تو خودکشی حرام نہ ہوتی، کیا میں اپنی مرضی سے پیدا ہوا، کیا ماں باپ بہن بھائی کا انتخاب میری مرضی سے ہوا، کیا پیدا ہونے کیلئے خاندان، گھر، ذات برادری، چہرہ، قد کاٹھ سے موت تک میری مرضی ہے، میری مرضی کا تو میرا بلڈ گروپ نہیں ہے۔ کراچی میں عمارت گرنے سے 18افراد کی ہلاکت پر حسن نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں غیرقانونی تعمیرات کے پیچھے سرکاری ملازمین ہوں، بلڈرز ہوں یا پرائیویٹ ٹھیکیدار ہوں انہیں قبروں سے نکال کر پھانسی دینی چاہئے، چیف جسٹس نے بہت تنگ آکر یہ بات کی کہ ڈنڈے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے، معاشرے کی تربیت کی جائے لیکن جب تک ڈنڈا استعمال کیا جائے، عمران خان نے ٹھیک کہا ہے کہ یہاں چوروں ڈاکوؤں کی ضمانتیں ہوجاتی ہیں۔ تعلیمی اداروں میں نشے کے بڑھتے رجحان پر حسن نثار نے کہا کہ جہاں انسان ہوگا وہاں جرم بھی ہوگا ہماری کوشش جرائم کو کم سے کم سطح پر لانے کی ہوتی ہے۔حسن نثار کا کہنا تھا کہ بلاول کو ایک ہی بات کہنا چاہتا ہوں کہ سارا پنڈ مر جائے تم پھر بھی چوہدری نہیں بن سکتے تم فارغ ہو، پیپلز پارٹی کی حکومت مزید دس سال رہ جاتی تو فٹ پاتھ کی اینٹیں بھی اکھاڑ دیتے، پنجاب کو پیپلز پارٹی کے شر سے بچا کر رکھنا ہوگا، انہوں نے جو سندھ کے ساتھ کیا پنجاب کے ساتھ نہیں ہونے دوں گا۔ حسن نثار نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی درست کہہ رہے ہیں کہ ہمارا گورننس کا ماڈل ناکام ہے لیکن انہیں اپنے دس سالہ اقتدار میں یہ بات کیوں یاد نہیں آئی۔ نامور کامیڈین امان اللہ کے انتقال پر حسن نثار کا کہنا تھا کہ امان اللہ بہت بڑا آدمی تھا اس کے انتقال کی خبرافسوسناک ہے، امان اللہ کی قبر حاصل کرنے کیلئے فیاض الحسن چوہان نے بہت اچھا کردار ادا کیا۔ انڈیا میں انتہاپسندوں کی طرف سے حضرت عیسیٰؑکا مجسمہ توڑنے پر حسن نثار کا کہنا تھا کہ انڈیا میں اب کوئی اقلیت محفوظ نہیں ہے، مودی سرکار کا جو ڈیزائن ہے اس میں کسی اقلیت کو پناہ نہیں ملے گی۔