برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن نے عالمی یوم خواتین پر دنیا بھر کی متاثر کُن خواتین میں پاکستان کی خواتین کو بھی شامل کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ’عالمی یومِ خواتین‘ کی مناسبت سے کنگسٹن پیلس کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ سامنے آئی ہے جس میں دنیا بھر کی قابلِ ذکر اور متاثر کُن خواتین کو یکجا کیا گیا ہے۔
شاہی جوڑے کو متاثر کرنے والی خواتین میں پہلی تصویر پاکستان کے ایس او ایس چلڈرن ولیج لاہور کی خواتین کی تھی۔
ایس او ایس ولیج کی خواتین کے ساتھ لی گئی تصویریں شیئر کرتے ہوئے لاہور کی با اختیار خواتین کا تعارف کروایا گیا اور لکھا گیا کہ یہ خواتین والدین سے محروم بچوں کی تربیت کرر ہی ہیں اور زندگی گزارنے کا ایسا ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں جہاں انہیں حقیقی گھر کی کمی محسوس نہ ہو۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایس او ایس ولیج میں بچوں کی تربیت، پڑھائی، محبت و شفقت کے ساتھ دیکھ بھال اور جاب ٹریننگ مہیا کی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان کا پانچ روزہ دورے کرنے والے برطانوی شاہی جوڑے نے ایس او ایس ولیج کا دورہ کیا تھا جہاں شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے بچوں سے گپ شپ کی اور 2 بچوں کی سالگرہ میں شرکت کی۔
شہزادی کیٹ میڈلٹن کا کہنا تھا کہ وہ ایس او ایس ولیج دیکھنا چاہتی تھیں، ایس او ایس ولیج مستقبل کے حوالے سے بچوں کو مدد فراہم کر رہے ہیں، وہاں بہت ساری خواتین موجود تھیں جو بہت ہی مثبت کردار ادا کر رہی تھیں۔
اس سے قبل بھی وہ ایس او ایس ولیج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر کر چکی ہیں۔
تصاویر اپلوڈ کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ایس او ایس ولیج میں مشکل حالات کا سامنا کر نے والے کمزور اور نادار بچوں کی بہترین ماحول میں پرورش ہوتی ہے۔