وطنِ عزیز میں اِن دنوں میلے کا سا سماں ہےکہ پاکستان سُپر لیگ( پی ایس ایل) کا سیزن 5 جاری ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور پی ایس ایل کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کی خوب پذیرائی ہو رہی ہے ۔یہاں قابلِ ذکر امر اورانتہائی خوش آئند بات یہ ہے کہ اس بار پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان ہی میں کھیلے جارہے ہیں۔ جس سے نہ صرف شائقینِ کرکٹ خوش ہیں، بلکہ معیشت کا پہیا بھی گھومنے لگا ہے۔ گرچہ ہمارا قومی کھیل ہاکی ہے، لیکن کرکٹ سے عوام کا والہانہ لگاؤ بھی کسی سے ڈھکا چُھپا نہیں۔
جب مُلک و قوم کے دشمنوں نے مارچ 2009 ء میں قذافی اسٹیڈیم، لاہورکے قریب سری لنکن کرکٹ ٹیم کو اپنانشانہ بنایا ،تو اس حملے نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے تقریباً بند کر دئیے۔ تاہم، ایک طویل عرصے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم ہی پاکستان آئی اور بخیر و عافیت تمام میچز کھیل کر لَوٹ بھی گئی۔ حال ہی کی بات کی جائے، تو پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں منعقد کرنا کسی چیلنج سے کم نہیںتھاکہ یہاں ہر لمحہ سیکیوریٹی تھریٹ رہتی ہے، لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اَن تھک محنت اور کوششوں سے یہ ممکن ہو پایا اوراس حوالے سے اُن کی جتنی پذیرائی کی جائے، کم ہے۔
ہمارے لیے اعزاز کی بات یہ ہے کہ غیر مُلکی کھلاڑی پاکستانیوں کی مہمان نوازی سے انتہائی خوش اور مرعوب ہیں۔ پچھلے دِنوں بین الاقوامی شہرت یافتہ کھلاڑی، ہاشم آملا کی ایک ویڈیو سامنے آئی، جس میں ان کا کہنا تھاکہ ’’پاکستان آکر بہت اچھا لگ رہا ہے ۔مَیں خوش قسمت ہوں ، جو مجھے اپنا تجربہ نوجوانوں کو منتقل کرنے کا موقع مل رہا ہے، یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔‘‘ انہوں نے پاکستان کو محفوظ مُلک قرار دیتے ہوئے، دیگر بین الاقوامی کھلاڑیوں کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دی۔دوسری جانب،حکومتِ پاکستان نے پشاور زلمی کے کپتان اور پاکستان میں ہر دل عزیز کھلاڑی، ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دینے کا اعلان بھی کیا ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ، ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’’پاکستان سُپر لیگ میں شرکت کرنے والے ویسٹ انڈین کھلاڑی اور پشاور زلمی کے کپتان، ڈیرن سیمی کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سوِل ایوارڈ اوراعزازی شہریت دی جائے گی۔ صدر ِمملکت، ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے اعزازی شہریت دینے کی سمری پر دستخط کردیئے گئے ہیں۔‘‘انہیں یہ ایوار ڈ اور شہریت 23 مارچ کودی جارہی ہے۔
پی ایس ایل کے لیے جہاں میدانوں کی صفائی ستھرائی، رنگ روغن پر توجّہ دی گئی، وہیں شہروں کی سجاوٹ پر بھی خاص دھیان دیا گیا۔ شہرِ قائد میں نیشنل اسٹیڈیم اور اطراف کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہےاوراہم شاہراہوں پر پاکستانی پرچم ، مُلکی و غیر مُلکی کھلاڑیوں کے قد آورپوسٹرز آویزاں کیے گئےہیں ، بالخصوص شاہ راہِ فیصل پر قائم ڈمی اسٹیڈیم توسب کی توجّہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جہاں رات گئے تک شہریوں کی بڑی تعداد سیلفیز بناتی، تصویریں کھنچواتی نظر آتی ہے۔
لیکن کیا ہی اچھا ہوتا کہ سجاوٹ ، تزئین و آرایش کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سےشہریوںکو آسان متبادل راستے بھی فراہم کر دیئے جاتےاورشہریوں کو دورانِ میچ ٹریفک جام جیسی ذہنی اذّیت سے نہ گزرنا پڑتا۔ یہی وجہ ہے کہ شہر میں جب بھی کوئی بڑا ایونٹ ہوتاہے، تو شہری خوشی سے زیادہ پریشانی میں مبتلا ہوجاتے ہیںکہ دن بھر ملازمت،محنت مزدوری کرکے لوٹنے والے کئی کئی گھنٹے ٹریفک ہی میں پھنسے رہتے ہیں۔
حتیٰ کہ ایمبولینسز تک کوگزرنے کی جگہ نہیں ملتی۔کراچی تو پہلے ہی ٹریفک کے مسائل میں گِھرا ہوا ہے، ایسے میں مزید مسائل شہریوں کے لیے وبالِ جان بن جاتے ہیں۔ ایسا ہر گز نہیں کہ کراچی کے باسی کھیلوں کے انعقاد کے خلاف ہیں، مگر وہ چاہتے ہیں کہ ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کے ساتھ اُن کی پریشانیوں کا بھی ازالہ کیا جائےاور ایسا پلان ترتیب دیا جائے، جس سے کھیل کے میدان بھی سجے رہیں اور انہیں پریشانی کا سامنا بھی نہ کرنا پڑے۔