• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں کسی بھی مذہب پر یقین نہیں رکھتا، اکشے کمار

بھارتی فلم اسٹار اکشے کمار کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی مذہب پر یقین نہیں رکھتے، وہ صرف بھارتی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’بھارتی ہونے کا نظریہ پارسی، ہندو یا مسلمان ہونے کی بنیاد پر نہیں ہے کیونکہ میرا یہ نظریہ مذہب کی بنیاد پر ہے ہی نہیں۔‘

انٹرویو کے دوران اکشے کمار سے اُن کی نئی آنے والی فلم ’سوریاونشی‘ کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ آپ کی فلم میں وہ ہی سب دِکھایا گیا جو آج کل بھارت میں ہورہا ہے تو کیا آپ نے خود سے اِس مسئلے کو اُجاگر کرنے کے لیے یہ فلم بنائی ہے؟

یہ بھی پڑھیے: میری بیوی ہندو، میں مسلمان اور میرے بچے ہندوستان ہیں، شاہ رخ خان

اِس سوال کے جواب میں اکشے کمار نے کہا کہ ’یہ صرف ایک اتفاق ہے، ہم نے جان بوجھ کر یہ فلم نہیں بنائی لیکن ہاں آج جو بھارت کے حالات ہیں اُس کے بعد ہماری فلم کی کہانی دیکھ کر سب کو ایسا ہی لگ رہا ہے کہ شاید ہم نے یہ سب دیکھتے ہوئے اِس فلم کی کہانی تحریر کی ہے۔‘

اکشے کمار نے کہا کہ ’ہر فلم میں مثبت اور منفی کردار ہوتے ہیں کیونکہ یہ فلم کا حصہ ہوتے ہیں اور اِن سے ہی مل کر ایک فلم تشکیل دی جاتی ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’سامعین کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے کہ میں جو کردار ادا کررہا ہوں وہ میری اداکاری کا حصہ ہے اور وہ صرف ایک کردار ہے کوئی حقیقت نہیں۔‘

بھارتی اداکار نے اپنی فلم کے ہدایتکار روہیت شیٹی کے حوالے سے کہا کہ ’روہیت کے ساتھ کام کرکے بہت خوشی ہوئی ہے، میں روہیت کو اُس وقت سے جانتا ہوں جب وہ ایک اسسٹنٹ تھے اور آج روہیت ایک کامیاب ہدایتکار و پروڈیوسر ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے اور روہیت دونوں کو ہی ایکشن اور کامیڈی فلمیں کرنا پسند ہے اِس لیے ان کے ساتھ پراجیکٹ کرنے میں مزہ آیا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ’ہم نے یہ فلم 55 سے 60 دِنوں میں مکمل کی ہے۔‘

واضح رہے کہ فلم ’سوریا ونشی‘میں اکشے کمار ایک ایسے آفیسر کا کردار ادا کر رہے ہیں جسے ممبئی کو دہشت گردی کے حملوں سے بچانے کی ذمہ داری دی جاتی ہے۔

اِس فلم میں اکشے کمار کے ساتھ کترینہ کیف، اجے دیوگن اور رنویر سنگھ بھی نظر آئیں گے اور اُن کی یہ فلم رواں ماہ 24 مارچ کو ریلیز کی جائے گی۔

تازہ ترین