عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس سے اموات کی شرح فلو سے کہیں زیادہ ہے، اس سے پہلے یہ سمجھا جا رہا تھا کہ فلو میں ہلاکتوں کی شرح کورونا وائرس سے زیادہ ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس ایک عالم گیر وبا بننے کے قریب ہے، تاہم اب بھی مناسب اقدامات کر کے اسے روکا جا سکتا ہے۔
عالمی ادارۂ صحت نے دنیا بھر میں لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ کوئی بھی کورونا وائرس سے بچنے کے قابل نہیں ہے، جبکہ اس کی وجہ سے ہونے والی سنگین بیماریاں بھی موسمی فلو سے زیادہ ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق وائرس کے باعث ہمارے اندازے سے بھی زیادہ لوگ متاثر ہوسکتے ہیں اور کچھ کو سنگین عارضے بھی لاحق ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی، PSL پر پابندی، تعطیلات بڑھانے کی تجویز
عالمی ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم Tedros Adhanom کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 3 اعشاریہ 4 فیصد ہلاکتیں ہوئیں جبکہ فلو کے متاثرین میں ہلاکتوں کی شرح محض ایک فیصد ہے۔
ماہرین کے مطابق موت کی شرح بڑھنے کا امکان ہے کیونکہ اس وقت بہت سے ایسے لوگوں کی تشخیص ہی نہیں ہو پا رہی جو کورونا وائرس سے کم متاثر ہوئے ہیں۔
ٹیڈ روس کے مطابق وائرس دنیا کے اتنے ممالک تک پہنچ چکا ہے کہ اس کے عالم گیر وبا بننے کے خطرات بالکل حقیقی ہیں، تاہم یہ پہلی عالمی وبا ہے جسے روکا جا سکتا ہے اور ہم اس وائرس کے رحم و کرم پر نہیں ہیں۔