• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

لاہور نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی


لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کے اہم میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 24ویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ فیصلہ ان کے لیے اس وقت بہترین ثابت ہوا جب شاہین آفریدی نے صفر پر ٹام بینٹن کو آؤٹ کردیا۔

اس کے بعد سمت پٹیل نے 4 رنز بنانے والے لیونگ اسٹون اور پھر 12 رنز بنانے والے کامران اکمل کو آؤٹ کردیا۔

پشاور زلمی کے نوجوان بلے باز اور پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑی حیدر علی نے تجربہ کار شعیب ملک کے ہمراہ ٹیم کے لیے 116 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کی۔

شعیب ملک 37 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیل کر 140 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوگئے تاہم دوسری جانب حیدر علی نے اسکور کی رفتار کم نہیں ہونے دی اور ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کیا۔

حیدر علی 43 گیندوں پر 69 رنز کی اننگز کھیل کر دلبر حسین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کی اونچی اوڑان کو روکنے کی کوشش کی لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی، زلمی نے مقررہ 20 اوورز تک 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی 3، سمت پٹیل نے 2 جبکہ دلبر حسین اور ڈیوڈ ویزے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں کپتان سہیل اختر نے فخر زمان کے ساتھ 50 رنز کی پارٹنر شپ بنائی لیکن اس اسکور پر وہ 21 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد فخر زمان اور کرس لین نے 96 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر میچ پر گرفت مضبوط کرلی۔

تاہم پشاور نے ایک مرتبہ پھر تجربے کا استعمال کرتے ہوئے پہلے 59 رنز بنانے والے کرس لین اور پھر 148 کے مجموے پر 63 رنز بنانے والے فخرزمان کو بھی آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔

اس کے بعد پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو دباؤ میں لے لیا۔

پہلے محمد حفیظ اور پھر گزشتہ میچ کے ہیرو بین ڈنک بھی کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ڈیوڈ ویزے اور سمت پٹیل میچ کو آخری اوور تک لے جانے میں کامیاب ہوئے جہاں ڈیوڈ ویزے نے چھکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے کارلوس بریتھ ویٹ 3 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے۔

فخر زمان کو ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس جیت کے ساتھ ہی لاہور قلندز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئی۔

ملتان سلطانز کی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور پشاوز زلمی کی ٹیم 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

تازہ ترین