پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ برطانیہ نےکبھی کسی کو واپس نہیں بھیجا، اسحاق ڈار اور بانی ایم کیو ایم کی مثالیں سامنے ہیں۔
اعتزاز احسن نے اپنے ایک بیان میں علاج کی غرض سے لندن گئے نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دونوں بھائی بھی باہر ہیں اور پیسے بھی بچا گئے، وہاں یہ لوگ ملاقاتیں کر رہے ہیں، دونوں بھائیوں کی طبعیت بھی ٹھیک ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کےضامن نواز شریف ہیں، حکومت اب نواز شریف کو واپس وطن نہیں لاسکتی، شریف خاندان کے لوگ باہر رہیں گے۔
اعتزاز احسن نے جے یو آئی ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے متعلق کہا کہ مولانا نے نوازشریف کو رہا کروانے کے لیے اسلام آباد کا رخ کیا۔
انہوں نے پی پی پارٹی رہنماؤں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ آصف زراری اور فریال تالپور ملک سے باہر نہیں گئے، آصف زرداری شدید بیمار ہیں، انہوں نے باہر جانےکی اجازت نہیں مانگی، مسلم لیگ ن نےضمانت دی ہےکہ وہ اپنا ووٹ عمران خان کےخلاف نہیں ڈالے گی۔
واضح رہے کہ پی پی رہنما اعتزاز احسن اور فاروق ایچ نائیک سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ حیدرآباد کے باہر میڈیاسےگفتگو کر رہے تھے ۔
اس دوران فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آج سولہ پٹیشنز فائل ہوئی ہیں، اقبال زیڈاحمد سمیت 2 افراد گرفتار ہیں، نیب نےعجیب ریفرنس فائل کیا ہے جس میں سارے بزنس مین ہیں۔
فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ اعتراض لگایا گیا کہ سیل ٹیکس زیادہ دیا گیا ہے اور ا گر سیل ٹیکس زیادہ بھی دیا گیا تو کیا بری بات ہے۔