• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف کیپٹل پولیس آفیسر پشاور کا چینی ثقافتی مرکز کا دورہ

پشاور (خصوصی نامہ نگار) چیف کیپٹل پولیس آفیسر پشاور محمد علی گنڈا پور نے کہا ہے کہ پشاور میں چینی ثقافتی مرکز کا قیام خوش آئند ہے جس کے ذریعے اہل پشاور مستقبل میں پاک چین دوستی میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں گے۔ وہ چائنا ونڈو کے دورے کے موقع پربات چیت کر رہے تھے،انہوں نے ونڈو میں قائم مختلف گیلریاں دیکھیں اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے۔ محمد علی گنڈا پور نے کہا کہ پشاور میں تفریحی مراکز کی کمی اب چائنا ونڈو پورا کرے گا،رشکئی اکنامک زون کے قیام کے بعد پشاور ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا ، پشاور پولیس سی پیک منصوبوں میں کام کرنے والوں کو پشاور میں ہر ممکن سیکورٹی فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے دونوں ملکوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ، سی پیک نہ صرف سارے ملک بلکہ خیبر پختونخوا کی معاشی و اقتصادی ترقی میں قابل ذکر کردار ادا کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں محمد علی گنڈا پورنے کہا کہ پشاور میں جرائم کی روک تھام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
تازہ ترین