پشاور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران شدید بارشوں سے3 افرادجاں بحق جبکہ6 زخمی ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پشاور میں بارشوں کےباعث 3 مکانات کوجزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں تیزکرنےکی ہدایت جاری کر دی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاڑاچنار میں 14، مردان میں 5، چارسدہ اور ایبٹ آباد میں 7، 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے زیادہ بارش ڈی آئی خان میں 27 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
صوبے کے بالائی علاقوں میں برف باری اور ژالہ باری کا بھی سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب وادی کوئٹہ اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود ہے جبکہ کوئٹہ میں آج کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں سردی میں ایک بار پھراضافہ ہوگیا ہے، قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دالبندین میں ایک، ژوب میں 3، بارکھ آن میں 5، تربت، پنجگور اور خضدار میں6، نوکنڈی میں 8، لسبیلہ میں 11، سبی اور جیوانی میں 13 اور پسنی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شمال مشرقی بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔