• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشاہد اللّٰہ کی میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری، جیو بندش کی مذمت

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اور سابق وفاقی وزیر مشاہد اللّٰہ خان نے جنگ گروپ، جیو نیٹ ورک کے ایڈیٹر انچیف کی گرفتاری اور جیو نیوز کی بندش کی مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں مشاہد اللّٰہ خان نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن، میر خلیل الرحمٰن کا بیٹا ہے، جس نے قیام پاکستان سے پہلے اپنے ادارے کی بنیاد رکھی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن نے طویل جدوجہد کے بعد جنگ گروپ کو عالمی ادارہ بنایا۔

ن لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ میڈیا کی جدت اور طاقت میرخلیل مرحوم اور میرشکیل کی کاوشوں کے باعث ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی کئی بار جنگ، جیو کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی گئی ہے، جن لوگوں نے جنگ، جیو کو ختم کرنے کی کوشش کی وہ خود صفحہ ہستی سے مٹ گئے۔

مشاہد اللّٰہ خان نے یہ بھی کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے نیب کے عقوبت خانے میں بند کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گرفتاری کے ذریعے پیغام دیا گیا کہ نہ کوئی بات کرسکتا اور نہ ہی ملک میں اظہار رائے کی آزادی ہے۔

ن لیگی سینیٹر کا کہنا تھا کہ حکمران میر شکیل الرحمٰن کو زیادہ عرصے پابند سلاسل نہیں رکھ پائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کا پیغام ہے:

متاع لوح و قلم چھن گئی توکیا ہوا

خون دل میں ڈبولی ہیں انگلیاں میں نے

تازہ ترین