• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں لڑائی فسطائیت اور جمہوریت کی ہے، احسن اقبال

پاکستان میں لڑائی فسطائیت اور جمہوریت کی ہے، احسن اقبال


اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج پاکستان میں لڑائی فسطائیت اور جمہوریت کی ہے، اپوزیشن نے جمہوریت کا پرچم بلند کر رکھا ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ میڈیا پر حملہ ناقابل برداشت ہے، اس حملے کا مقابلہ کریں گے، حکومت میڈیا کا گلا گھونٹ کر اپنے خلاف آواز خاموش کرانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ جنگ اپنی اگلی نسل کے لیے جیتنی ہے، جو ترقی (ن)لیگ کے دور میں شروع ہوئی تھی، عمران خان نے ڈیڑھ سال میں اسے پنکچر کردیا۔

سابق وفاقی نے الزام لگایا کہ وزیراعظم عمران خان کے پیچھے غیر ملکی فنڈنگ ہے، پاکستان دشمن لابی نے پیسے کی طاقت سے انہیں ملک پر مسلط کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انڈسٹری، زراعت اور ہرشعبہ تباہ ہوکر رہ گيا، آج پاکستان جنوبی ایشیا میں بھی آخری معیشت بن کر رہ گیا۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ مضبوط معیشت مضبوط سیاست کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتی، تمام سیاسی جماعتوں کو ایک معاہدے پر اتفاق کرنا پڑے گا کہ ہم کو مل کر اس حکومت سے نجات حاصل کرنی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر میوزیکل چيئر کا کھیل چلتا رہا تو ہماری ایٹمی صلاحیت خطرے میں پڑ جائے گی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ حکومت نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبوں پر تختیاں لگارہی ہے، اس نے جنوبی پنجاب میں ڈیڑھ سال میں کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کو جنوبی پنجاب صوبے پر غیر مشروط تعاون کی پیشکش کرچکے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پنجاب اسمبلی بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبے کی قرار داد منظور کر چکی ہے، قرار داد کے منافی کوئی قانون لانا کھیل کھیلنے کے برابر ہوگا۔

تازہ ترین