صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں لاک ڈاؤن سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں میں صداقت نہیں۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ کراچی میں لاک ڈاؤن کی صورتحال نہیں، کورونا کے پیش نظر حکومت کے تمام اقدامات احتیاطی تدبیر ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کریں گے، عوام اطمینان رکھیں حکومت تمام مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر سندھ میں جلسے و جلوس، مجالس، عرس، برسی اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی لگادی گئی۔
اس کے علاوہ شادی ہال، سنیما، پکنک اسپاٹس، پبلک پارکس، سی سائڈز، واٹر پارکس، پلے لینڈز، سوشل کلبس میں تقریبات پر پابندی عائد ہے جبکہ درس گاہیں اور مدارس عارضی طور پر بند کرا دیئے گئے ہیں۔