وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے کورونا وائرس پر سارک ویڈیو کانفرنس کی پیشکش کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ظفر مرزا نے کانفرنس میں کورونا وائرس سے متعلق پاکستان کے ٹھوس اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ خطے کی ضرورت کے تحت وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی صحت نے کانفرنس میں شرکت کی۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سارک کو فعال بنایا جائے اور اسے خطے کی بہتری کے لیے استعمال میں لایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کوشش کر رہا تھا سارک اجلاس کا انعقاد اسلام آباد میں ہو، بھارت اور مودی سرکار اس سلسلے میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی۔
پاکستان پہلے سے کہہ رہا تھا کہ سارک خطے کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے، نریندر مودی اور بھارت کو بالآخر سارک کی اہمیت کا احساس ہوگیا۔