مصنف: پروفیسر حمید اللہ شاہ ہاشمی
صفحات: 328 ،قیمت: 800 روپے
ناشر:بُک کارنر،جہلم۔
سلطان محمّد بن تغلق ازمنۂ وسطیٰ کی قابل ترین شخصیت تھی۔ وہ ایک عالم متبحر تھے۔ قدرت نے انہیں بلا کا ذہن اور حافظہ ودیعت کیا تھا۔ حافظ ہونے کے علاوہ صحاحِ ستّہ اور ہدایہ (فقہ کی مبسوط کتاب) ان کے ذہن میں محفوظ تھی۔سلطان محمّد تغلق شاعر اورفنونِ لطیفہ کے دِل دادہ تھے، جب کہ انہیں تصوّف، فلسفہ، طبیعات، ریاضیات، فلکیات، خطاطی اور انشا پردازی میں یدِطولیٰ حاصل تھا۔نیز، علمِ طب سے بھی شغف تھا۔اگرچہ سلطان محمّد تغلق ایک منصف مزاج اور عدل پرور حکم ران تھے،مگر سلطنتِ دہلی کے کسی اوربادشاہ کے متعلق مؤرخین میں اس قدر اختلاف رائے نہیں، جتنا کہ ان کے بارے میں پایا جاتا ہے۔
تاہم، عہدِجدید کی تاریخی تحقیقات نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ نہ تو دیوانے تھے، نہ ان کی مہمّات دور ازکار اور ہوش مندی کے منافی تھیں اور زیرِ نظر کتاب میں اِسی تحقیق کو سامنے لایا گیا ہے۔ مختصر الفاظ میں یہی کہا جاسکتا ہے کہ اس میں جامعیت اور اختصار دونوں ہی یک جا ہیں۔ نیز،کتاب جابجا حوالہ جات سے مزیّن ہے، جس نے اس کی افادیت میں مزید اضافہ کردیا ہے۔