اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو قومی یکجہتی اور ثابت قدمی سے شکست دے سکتے ہیں۔
اسد قیصر نے ایک پیغام میں کہا کہ اسلام کسی بھی وبا سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم احتیاطی تدابیر کے ذریعے خود کو اور اپنے پیاروں کو کورونا وائرس سے بچاسکتے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ کورونا وائرس پاکستان سمیت دنیا کے 155 ممالک تک پھیل چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وائرس کی روک تھام کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھا رہی ہے۔
اسد قیصر نے عوام سے اپیل کی کہ ہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں اور محکمہ صحت کی جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وائرس کے خاتمے کے لیے اللّٰہ تعالیٰ سے دعائیں مانگی جائیں، خطرناک وائرس سے بچاؤ کے لیے پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہوگا۔