کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگزیب بادینی نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے عوام کے تعاون سے کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اس اور مشکل لمحہ پر قابو پالیں گے ۔ کوئٹہ کے شہری کسی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں ، یہ بات انہوں نے پیر کو ایک ویڈیو پیغام میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے بلوچستان میں لوگ متاثرہ ہوئے ہیں، صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکومت عوام کے ساتھ ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں کورنٹائن سینٹر بنائے گئے ہیں، اسپتالوں میں سہولیات فراہم کردی گئی ہیں، ضرورت پڑنے پر سہولیات میں اضافہ کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے گھروں سے کم سے کم باہر نکلیں اور اجتماعات سے گریز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں کچھ افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ پورے شہر کو کورنٹائن کیا اور شہر کو سیل کیا جارہا ہے یا دکانیں بند کی جارہی ہیں یہ افواہیں بے بنیاد ہیں عوام ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں ، شہر میں عوام کو معمول کے مطابق تمام چیزیں میسر ہوں گی اور جلد کوئٹہ کرونا وائرس سے چھٹکارہ حاصل کرلے گا ۔