• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگر آپ اپنے پرانے طرز کے گھر اور یکسانیت سے بھرے لائف اسٹائل سےاُکتا چکے ہیں تو رواں سال کوشش کرکے کچھ تبدیلی لانے کا سوچیں اور ایسے ٹرینڈز اپنائیں جو 2020ء میں دنیا بھر میں رائج ہو رہے ہیں۔ ان ٹرینڈز پر عمل کرتے ہوئے آپ کچھ کچن میں بدلائو لائیں، بیڈروم کو ٹھیک کریں یا ڈرائنگ روم میں نئی جوت جگائیں۔ اگر آپ کے من میں اپنے گھر کو نیا پن دینے کا خیال سمایا ہے تو آپ کے لیے نئے سال کے کچھ ٹرینڈ ز حاضر ہیں۔

پرانی اشیا سے سجاوٹ

کہتے ہیں گزرا وقت پلٹ کر نہیں آتا، لیکن کچھ ٹرینڈ زپلٹ کر واپس آ جاتے ہیں، خاص طور پر جب گھر کی سجاوٹ کے ٹرینڈز کی بات ہو۔اگر ونٹیج چیزوں کی بات کریں تو و ہ نئے انداز اور پرانی تفصیلات کے ساتھ ہی وارد ہوئی ہیں جیسے کہ 19ویں اور 20ویں صدی کے اوائل میں فرنیچر کے آٹئمز میں کرسیوں کے پائے پیچھے کی طرف نکلے ہوئے ہوتے تھے اور گھر میں چرخے (spindles) بھی نظر آتے تھے۔ تاہم، ضروری نہیں کہ گھر کے ہر حصے میں آپ ونٹیج اشیا رکھیں، البتہ آپ ایک آدھ چیز کو اپنے ڈرائنگ روم کا حصہ بنا سکتے ہیں۔ یہ آپ کی صوابدید پر ہے کہ کس چیز کا انتخاب کرتے ہیں۔

گہرا نیلا رنگ

2020ءکے لیے امریکی کمپنی پینٹون نے گہرے نیلے رنگ (کلاسک بلیو) کا انتخاب کیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ پورا سال نیلے رنگ کے بہت زیادہ شیڈز دیکھنے کی توقع کرسکتے ہیں۔ اس رنگ کی خاصیت یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر ورسٹائل اور نفیس ہے۔ انٹیریئر ڈیزائنرز کے مطابق روایتی اور جدید گھریلو انداز میں کلاسک بلیو رنگ گھر کے اندرونی اور بیرونی حصوں میں عمدہ کنٹراسٹ فراہم کرتا ہے۔ چاہے آپ اپنے آئی لینڈ کچن کو اَپ گریڈ کرنا چاہتے ہوں یا اسے آئی لینڈ کچن میں اَپ گریڈ کرنا مقصود ہو یا پھر لکڑی کی تراش خراش کا کام ہو، کلاسک بلیو رنگ ڈرامائی انداز سے اس میں نیا روپ لے آتاہے۔

فلورل وال پیپر

اگر آپ کو فلورل وال پیپرز پسند ہیں تو آپ کے لیے خوشی کی بات یہ ہے کہ 2020ء کو فلورل وال پیپرز کا سال کہا گیا ہے۔ آپ اس کے نت نئے ٹرینڈز دیکھ کر اپنے خیالات یقیناً بدل لیں گے۔ انٹیریئر ڈیزائنر ز کے مطابق، پھولوں کے وال پیپرز برسوں سے استعمال میں ہیں لیکن اب یہ پہلے سے کہیں زیادہ جدید، اَپ ڈیٹڈ اوربڑے پیمانے پر بولڈ رنگوں، یہاں تک کہ میٹل ورژن میں بھی دستیاب ہیں۔ فلورل وال پیپرز باتھ روم اور ڈیوڑھی وغیرہ کے لیے بھی عمدہ انتخاب ثابت ہوتے ہیں۔ فلورل وال پیپرز کے دراصل ہزاروں آپشنز ہیں، جس میں سے کچھ کا انتخاب کرنا بہت مشکل ہوتاہے۔

ہائی کنٹراسٹ ڈیکور

ہائی کنٹراسٹ ڈیکور (High-Contrast Decor) بھی آجکل بہت اِن ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر آپ ہمیشہ اپنے گھر میں سفید رنگ کرتے آئے ہیں تو اب وقت آگیا ہے کہ کنٹراسٹ رنگوں کے بارے میں غور کریں۔ ایک طویل عرصے سے سفید یا ہلکے رنگوں والا پینٹ کیا جاتا رہا ہے لیکن اب ہم سیاہ کشن کو سفید فریم والی ایک کرسی پر دیکھیں گے یاہلکے رنگ کے ہارڈویئر کے ساتھ گہرے رنگ کی لکڑی سے بنی کنسول ٹیبل نظر آئے گی۔

کچن اب سفید نہیں

اگر2010ءکےبعد کسی ڈیزائن کا ٹرینڈ موجود تھا تو وہ سفید کچن کا تھا لیکن2020ءکے لیے ڈیزائنرز پیشگوئی کرتے ہیں کہ کچن کی آرائش اب سفید یا ہلکے رنگوں سے آگے بڑھ جائے گی۔ مثال کے طور پر قدرتی لکڑی سے بنی الماریاں، آئی لینڈ کچن اور شیلف اب نئے رنگوں میں دیکھنے کو ملیں گے۔ یعنی آپ کو گھر کی آرائش بغیر کسی پابندی کے اپنے روشن اور پُرجوش خیالات کے مطابق کرنے کی کھلی چھوٹ ہو گی۔

پاپ اَپ کیبنٹس

اگر آپ واقعی سفید رنگ کےکچن کے ٹرینڈ کو پیچھے چھوڑنا چاہتے ہیں تورواں سال گھر کی آرائش کے لیے رنگین کیبنٹس کا انتخاب کریں۔ ماہرین کے مطابق2020ء کے ٹرینڈز میں ایک یا متعدد عناصر کا انتخاب کیا جائے گا۔

کینوپی بیڈز

اب وقت آگیا ہے کہ آپ کینوپی بیڈز (Canopy Beds) کےخیالات کو حقیقت کا روپ دیں۔ چھتری والے بستر یعنی کینوپی بیڈزکو اب بھاری کپڑوں اور ہیڈ بورڈز میں رنگنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایکریلک، دھات اور پتلے فریموں کے ساتھ بنے جدید ورژن ٹرینڈ میں واپس آرہے ہیں۔

پیٹینا اسٹائل

انٹیریئر ڈیزائنرز کے مطابق ابھرتے ہوئے ڈیزائن ٹرینڈز میں سے ایک پیٹینا(Patina)بھی ہے، جس میں زیادہ پرانےفرنیچر کے علاوہ چکنی مٹی اور سرخی مائل بھورے رنگ والے مٹی کے برتن اور سرامکس سے بنی آرائشی اشیا دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔

تازہ ترین