• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی

پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی


پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی۔

وزیراطلاعات پنجاب فیاض چوہان اور وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے لاہور میں پریس کانفرنس کی۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے،گزشتہ رات 12 بجے ایک مریض کو اسپتال لایا گیا تھا، مریض کو آئیسولیشن وارڈ میں رکھا گیا تھا، مریض کوما میں تھا اور آج صبح انتقال کر گیا۔

یاسمین راشد نے مزید کہا کہ جس مریض کا انتقال ہوا ہے اس کی رپورٹ آئے گی توشیئر کر دیں گے۔

یاسمین راشد نے کہا کہ مریض کا نمونہ لے کربھجوادیے گئے ہیں، مریض کا انتقال کورونا سے ہوا یا کوئی اوروجہ تھی، رپورٹ آنے کے بعد پتا چلے گا، جس مریض کا انتقال ہوا ہے وہ ایران سے مسقط گیا تھا پھرپاکستان آیا، ٹریول ہسٹری کے پیش نظرمریض کو آئیسولیشن وارڈ میں رکھا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مریضوں کی رپورٹس نہیں چھپا رہی، تفتان سے آنے والے زائرین میں سے اس وقت 736 افراد ڈی جی خان میں زیر نگرانی ہیں جبکہ ڈی جی خان آنے والے زائرین میں سے پانچ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسکولز، کالجز، یونیورسٹیز کو بند کردیا گیا ہے، ہم نے لاک ڈاؤن نہیں کیا کہ کاروبار رک جائے، لوگ گھروں میں رہیں، باہرنہ نکلیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث ڈاکٹرزکی ہڑتال کا کوئی جوازہی نہیں، چین میں ڈاکٹرزفرنٹ لائن پرتھےانہوں نے اپنی جان کی پروا نہیں کی۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیراطلاعات پنجاب فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ تاجرذخیرہ اندوزی نہ کریں، ہینڈ سینیٹائزر،ماسک اوردیگرسامان کومہنگے داموں پرفروخت نہ کیا جائے۔

فیاض چوہان نے کہا کہ کورونا وائرس کی جنگ کوبھی جیتیں گے۔

تازہ ترین