کراچی (ٹی وی رپورٹ) جنگ جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن کی گرفتاری اور جیو نیوز کی بندش کیخلاف مختلف سیاسی رہنمائوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
مسلم لیگ (ق) کے چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ میر شکیل الرحمٰن سچے ثابت اور رہا ہونگے۔ جے یو آئی کے حافظ حسین احمد نے کہا کہ حکومت نے جیو کو مجرم بنا دیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے مشاہد اللہ خان کا کہنا ہے کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو کی جنگ اور جیو بیورو آفس میر شکیل الرحمن سے تجدید عہد وفا کرنے آئے ہیں، احتساب کے نام پر انتقام لیا جارہا ہے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما نوابزادہ لشکری رئیسانی نے مطالبہ کیا ہے کہ میر شکیل الرحمن کو فوری طورپر رہا کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مجھے یقین ہے میر شکیل الرحمن سچے ثابت ہونگے، رہا ہوجائیں گے۔
ن لیگ کے رہنما مشاہد اللہ خان میر شکیل الرحمن کی گرفتاری پر رہنما مسلم لیگ ن مشاہد اللہ خان کا ویڈیو بیان 34سال پرانے معاملے پر مقدمے کی کوئی بنیاد نہیں ہے، میں سمجھتا ہوں یہ بے بنیاد ہے اور انتقامی کارروائی ہے، میر شکیل الرحمن پر مختلف حکومتوں میں بہت سے دباؤ آتے رہے ہیں، اپنے والد کی طرح میر شکیل الرحمن نے استقامت کا مظاہرہ کیا۔
جے یوآئی کے رہنما حافظ حسین احمد جیو نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کی نظر میں میر شکیل الرحمن ملزم ہیں تو حکومت نے جیو نیوز کو مجرم بنادیا، نیب کا کیس میر شکیل الرحمن پر ہے جبکہ جیو نیوز کو آخری نمبروں پر ڈالا جارہا ہے، جیو کو پچھلے نمبروں پر کرنا حکومتی دعوے کی نفی ہے کہ گرفتاری سے تعلق نہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو نے حیدرآباد میں جنگ اور جیو بیورو آفس پہنچے اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کر میر شکیل الرحمن سے تجدید عہد وفا کرنے آئے ہیں، دنیا میر شکیل الرحمن کی گرفتاری کے خلاف ہے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما نوابزادہ لشکری رئیسانی نے بھی جنگ اور جیو کے دفاتر کا دورہ کیا اور اس موقع پر ملازمین سے اظہار یکجہتی کی۔
انہوں نے کہا کہ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن کی گرفتاری قابل مذمت ہے، میر شکیل الرحمن کو فوری طورپر رہا کیا جائے۔