کیلی فورنیا ،لاس اینجلس اورپرنسٹن یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے عالمی وباء کورونا وائرس پر تحقیق کی گئی ہے۔
امریکی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس مختلف چیزوں کی سطح پر کئی دن تک موجود رہ سکتا ہے، کورونا وائرس پلاسٹک پر 2 سے 3 دن، گتے پر 24 گھنٹے اور تانبے کی سطح پر چار گھنٹے تک بر قرار رہ سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کے کھانسنے یا چھینکنے پر ذرات ہوا میں معلق ہو جاتے ہیں، جو تین گھنٹے تک موجود رہتے ہیں۔
امریکی ماہرین کے مطابق کم میل جول، چہرے کو چھونے، کھانسی یا چھینک کے وقت ٹشو کے استعمال سے جراثیم سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 49 کیسز سامنے آگئے ہیں، جس کے بعد مجموعی تعداد 244 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں 25، سندھ میں 17، بلوچستان میں 6 اور خیبر پختونخوا میں ایک شخص کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا، جو ابیٹ آباد سے رپورٹ ہوا ہے، متاثرہ شخص برطانیہ سے آیا تھا۔
وزیر صحت سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا کیسز کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق نئے کیسز میں 2 مریضوں کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ 15 مریض تفتان سے سکھر پہنچے ہیں۔