• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیمرا جیو نیوز کو میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری سے پہلے والی پوزیشن پر بحال کرے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من ﷲ

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جیو نیوز کی بندش اور آخری نمبروں پر دھکیلنے کیخلاف درخواست کی سماعت 


اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے جیو نیوز کی بندش اور آخری نمبروں پر دھکیلنے کیخلاف درخواست پر سماعت کی اور حکم نامہ بھی جاری کردیا۔ 

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من ﷲ نے جیو نیوز کو پرانے نمبروں (میرشکیل الرحمٰن کی گرفتاری سے پہلے والی پوزیشن) پر بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پیمرا آئندہ سماعت سے قبل نیوز چینل کی اسکے پرانے اور اصل نمبروں پر بحال کرے اور نیوز چینل کی شکایت دور کرنے کے اقدامات کرے۔ 

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من ﷲ نے حکم نامہ جاری کیا جس میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو آئندہ تاریخِ سماعت سے پہلے نشریات میں مداخلت کی شکایت دور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مجاز افسر عدالت کو مطمئن کریگا کہ اتھارٹی اپنی آئینی ذمہ داری پوری کررہی ہے۔حکم نامے میں کہا گیا کہ چیئرمین پیمرا آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کیلئے ایک مجاز افسر نامزد کریں۔

جیو نیوز کی بندش اور چینل کو کیبل پر آخری نمبروں پر دھکیلنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من ﷲ کی سربراہی میں ہوئی۔ 

راجا احسن محمود اور میاں فیصل ایڈووکیٹ نے بیرسٹر جہانگیر جدون کے ذریعے درخواست دائر کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت میں پیش ہوئے۔ بیرسٹر جہانگیر جدون نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ بنیادی حقوق اور آزادی اظہار رائے کا معاملہ ہے، میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے۔

انہوں نے کہا کہ فری پریس کے بغیر کسی مسئلے پر شفاف رائے کیسے قائم کی جا سکتی ہے؟ اگر حکومت میڈیا کے کسی طرز عمل سے متاثر ہے تو شکایت کے لیے پیمرا کا فورم موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا عوام کی مرضی ہے کہ وہ اپنی پسند کا چینل دیکھیں لیکن ہائیکورٹ کی حدود میں بھی کیبل پر جیو آخری نمبروں پر آ رہا ہے۔ 

دوران سماعت سپریم کورٹ کے فیصلوں کے حوالہ جات بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کیے گئے اور وکیل درخواست گزار نے کہا کہ جیو نیوز کو پہلے بھی ایسی مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جیو نیوز کی بندش اور آخری نمبروں پر دھکیلنے سے متعلق جواب طلب کر لیا۔ 

عدالت نے چیئرمین پیمرا کو حکم دیا کہ وہ ایک فرد نامزد کریں جو آئندہ سماعت پر عدالت کے سامنے پیش ہو۔بعد ازاں جیو نیوز کی کیبل پر بندش اور آخری نمبروں پر دھکیلنے کیخلاف درخواست کی سماعت 24 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔

تازہ ترین