• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کی شہریوں سے کورونا سے متعلق غلط معلومات نہ پھیلانے کی اپیل

حکومت کی شہریوں سے کورونا سے متعلق غلط معلومات نہ پھیلانے کی اپیل


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اور اس سے متعلق تصدیق کیے بغیر معلومات کو آگے نہ پھیلائیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملک بھرمیں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 326 ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ظفر مرزا نے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر ستار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ طب کے شعبے میں تعاون کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان بات چیت جاری ہے، چین نے جس طرح اس وبا کو روکا ہے اس سے بہت کچھ سیکھا جاسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اگلے چند روز میں چینی ماہرین کے ساتھ پاکستانی ماہرین کی ویڈیو کانفرنسز کا سلسلہ شروع ہوگا جس میں پاکستانی ماہرین بھی شرکت کریں گے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اقوام متحدہ کے 194 ممالک میں سے 176 ممالک کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار افراد کورونا وائرس سے متاثرہ کیسز ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 326 ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ کیسز میں سے بہت سے لوگ ایسے ہیں جو دیگر ممالک سے وائرس ساتھ لے کر پاکستان آئے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کورونا کے اعداد و شمار صوبائی حکومتوں کی تصدیق کے بعد شئیر کیے جائیں گے۔

انہوں تصدیق کی کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 پاکستانی شہریوں کی کورونا وائرس کی وجہ سے جان گئی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ گزشتہ چند دِنوں میں پوری قوم متحد ہوتی نظر آرہی ہے، جبکہ وفاقی، صوبائی، آزاد جموں و کشمیر، گلگلت بلتستان کی حکومتیں مل کر کام کر رہی ہیں۔

انہوں کہا کہ پتہ چلا ہے پرائیویٹ اسپتالوں میں او پی ڈیز بند کردی گئی ہیں، شہری اسپتالوں میں بلا ضرورت نہ جائیں، اگر جانا بھی پڑے تو او پی ڈی میں اکیلے ہی جائیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس ہمارے اصل ہیرو ہیں، پلاننگ ہر صورتحال کے لیے کرنی چاہیے اور امید اچھے کی کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک سسٹم بنائیں گے جہاں رضارانہ طور پر آپ رجسٹرڈ ہوں اور آپ کی سروسز سے فائدہ اٹھایاجاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے اسپتالوں نے بھی سہولیات کے استعمال کی پیشکش کی ہے۔

حکومت پاکستان نے کورونا وائرس سے مختلف علاقوں میں متاثر ہونے اور انتقال کر جانے والے افراد کی تعداد کے بارے میں آگاہی سے متعلق ویب سائٹ بھی جاری کردی ہے۔

تازہ ترین