• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک کشادہ اور سہولیات سے آراستہ باتھ روم کسی بھی گھر میں اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ مکینوں کی خواہش ہوتی ہے کہ باتھ روم میں کشادگی کا احساس ہوکیونکہ اگر وہاں جگہ کم ہے یا وہ چھوٹے سائز کا بنا ہوا ہے تو ممکن ہے کہ زیادہ گھٹن زدہ محسوس ہو۔ تاہم، چھوٹی جگہ پر باتھ روم کی تعمیر کے باوجود کئی طریقوں پر عمل کرکے اسے کشادہ دکھایا جاسکتا ہے۔ آرائش اور اسمارٹ اسٹوریج کے ذریعےجگہ کی کمی کےمسئلے سے بآسانی نمٹا جاسکتا ہے، بس ضرورت ہےتو بہتر انداز میں منصوبہ بندی کرنے کی۔ آئیے جانتے ہیں کہ باتھ روم میں کشادگی کے حوالے سے کیا اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

شیشے کی دیوار

ہم سب جانتے ہیں کہ شیشہ چھوٹی جگہوں کو کشادہ دکھانے کے لیے بہترین ہوتا ہے، اس طرح جگہ کی تنگی کے احساس کو کم کیا جاسکتا ہے۔ آپ اپنے چھوٹے باتھ روم میں جتنا ہو سکے اتنا بڑا شیشہ لگائیں، یہ روشنی منعکس کر کے باتھ روم کو کشادہ دکھائے گا۔ تاہم ایک مشورہ یہ بھی ہے کہ بجائے اس کے کہ آپ اپنے باتھ روم میں چھوٹے سائز کا شیشہ نصب کریں، آپ باتھ روم کی ایک دیوار کو مکمل طور پر شیشے کے لیے مختص کردیں۔ کسی بھی دیوار پر شیشے کی تنصیب سے چھوٹی جگہ خوبصورت دکھنے کے ساتھ ساتھ روشن اور کشادہ بھی محسوس ہونے لگتی ہے۔

کارنر باتھ روم سنک

اس بات سے قطع نظر کہ باتھ روم چھوٹا ہے یابڑا ’سنک‘ کا ہونا ایک اشد ضرورت ہے۔ چھوٹے باتھ روم کے لیے سنک کا انتخاب کرتے وقت تھوڑی سی سمجھداری کی ضرورت ہوتی ہے۔ آپ پیڈسٹل سنک کے بجائے کارنر سنک کا انتخاب کیجیے کیونکہ یہ ایک رُخ ہونے کے سبب باتھ روم میں کم جگہ گھیرتا ہے۔ اس کے علاوہ کارنر سنک میں اسٹوریج کا مناسب حل بھی بآسانی ڈھونڈا جاسکتا ہے، ساتھ ہی اس بات کا خیال رکھیں کہ سنک ایسے مٹیریل کا بنا ہو، جو آسانی سے صاف ہونے کے ساتھ ساتھ دیر پا بھی ہو۔

ٹائلز کاانتخاب

ٹائلز کے انتخاب کے ذریعے کسی بھی چھوٹے سے باتھ روم کو بڑا دکھا یا جاسکتا ہے۔انٹیریئر ڈیزائنر ایم سی گریتھ کے مطابق اپنے چھوٹے باتھ روم کے لیے سرامک کے چھوٹے سائز والے ٹائلز کا انتخاب کیجیے۔ فرش سے لے کر دیوار تک کے ٹائلز کے لیے ایک ہی پرنٹ کا انتخاب جگہ کو کشادہ محسوس کروانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

گہرے رنگ

انٹرنیشنل انٹیریئر ڈیزائنر جینی وولف کا کہنا ہے، ’’میں ہمیشہ چھوٹے باتھ روم کو پینٹ کرنا پسندکرتاہوں جو بغیر کسی کھڑکی کے ہوں ،ایسے باتھ روم کے لیے رنگوں میں میری پہلی ترجیح سیاہ رنگ ہوتا ہے۔ کسی بھی محدود جگہ کو کشادہ دکھانے کے لیے یہ بہترین رنگ ہے، یہ جگہ کی گہرائی بڑھادیتا ہے‘‘۔ آپ بھی اپنے چھوٹے باتھ روم کے لیے گلوسی بلیک رنگ کی ٹائلز اور پینٹ کاانتخاب کیجیے۔ یہ رنگ سب سے زیادہ نفیس اور جدید وضع فراہم کرنے کے علاوہ آپ کے باتھ روم میں گندگی نمایاں ہونے سے بھی بچائے گا لیکن اس رنگ کے ساتھ روشنی کے انتخاب میں خاصی مہارت کی ضرورت محسوس ہوگی۔

شاور یا باتھ ٹب

چھوٹے باتھ روم کے لیےباتھ ٹب کا انتخاب مشکل ہوجاتا ہے اور یہ درست بھی نہیں، اس کی جگہ شاور لگانا مثالی رہتا ہے۔ باتھ ٹب خاصی جگہ گھیرتا ہے اور اس کی روزانہ صفائی بھی کرنا پڑتی ہے، اس لحاظ سے دیکھا جائے تو شاور کے لیے کم جگہ درکار ہوتی ہے اور باقی کی جگہ کو آپ تھوڑا بہت سامان رکھنے کے لیے کام میں لاسکتے ہیں۔

فلورل پرنٹ

چھوٹے باتھ روم ڈیزائن کے لیے فلورل پرنٹ کا ڈیزائن بھی ایک شاندار انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔ اس ڈیزائن کے تحت فرش سے لے کر زمین تک فلورل پرنٹ کا انتخاب کیا جاتا ہے، جس میں ہرے رنگ کو خاص اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ فلورل پرنٹ کے ساتھ ہلکے رنگ کا سینٹری سامان جگہ کی کشادگی میں مزید اضافہ کرتا ہے۔

اسٹوریج کا آسان حل

چھوٹے باتھ روم کے لیے اسٹوریج کا آسان حل ڈھونڈنا مشکل ہے ۔اس کے لیے درج ذیل تجاویز پر غور کیجیے۔

٭ آپ کو کوشش کرنی چاہیے کہ زمین پر کچھ نہ رکھیں تا کہ چلنے پھرنے کی جگہ بچی رہے۔

٭ باتھ روم کی دیواروں میں شیلف نصب کروائیں یا تعمیر کے دوران بلٹ اِن شیلف بنوائیں، جہاں آپ روز مرہ ضرورت کا سامان جیسا کہ تولیے وغیرہ ان میں رکھیں۔

٭میک اَپ، ٹوتھ برش اور دیگر چھوٹی موٹی اشیا سمیٹنے کے لیے آرڈر پر بنوائی گئی درازیں بہترین ثابت ہوتی ہیں۔ سنک کے نیچے بھی درازیں لگوائی جاسکتی ہیں۔

تازہ ترین