کراچی ( اسٹاف رپورٹر)قومی ادارہ برائے امراضِ قلب سکھر میں پہلی بار پیڈیاٹرک کارڈیوتھوراسک سرجری ٹیم نے 5سال کے بچے کی اوپن ہارٹ سرجری کامیابی سے سرانجام دی۔ این آئی سی وی ڈی نے سکھر میں پہلی بار پیڈیاٹرک اوپن ہارٹ سرجری سرانجام دے کر کارڈیک کیئر میں ایک مزید کامیابی اپنے نام کی ہے۔ یہ سرجری این آئی سی وی ڈی کے ہیڈ آف پیڈز کارڈیک سرجری، پروفیسر سہیل بنگش نے، پیڈز کارڈیک سرجن ڈاکٹر محمداقبال اور اینستھیزیا لوجی کے پروفیسر محمد امین خواجہ کے ساتھ سرانجام دی۔سرجنز کی ٹیم کا کہنا تھا کہ سکھر سے تعلق رکھنے والے بچے میں دل کے سوراخ والی بیماری (atrial septal defect) کی تشخیص ہوئی تھی، آپریشن کے بعد بچے کو آئی سی یو میں منتقل کیا گیا ہے اور جلدی سے صحتیاب ہورہا ہے، جس کے بعد اس کو وارڈ میں منتقل کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جب مریض کے والدین کو آگاہ کیا گیا کہ ان کے بچے کا آپریشن یہی سکھر میں ہی کیا جائیگا تو ان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھاکہ بچے کا آپریشن کامیابی سے سرانجام دیا گیا، بچہ ایک عام صحتمند زندگی گذار سکے گااور اپنی عمر کے کسی دوسرے بچوں سے مختلف نہیں ہوگا۔این آئی سی وی ڈی سرجنز کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ، این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرپروفیسر ندیم قمرنے بتا یاکہ سکھر میں پہلی بار پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری سرانجام دینا ایک بڑی کامیابی ہے کیونکہ اس طرح کی کارڈیک سرجریز پہلے صرف ملک کے بڑے شہروں یا پھر بیرون ملک میں سرانجام دی جا تی تھی۔اس کارڈیک سرجری کی سہولیات کے آغاز کے ساتھ، ہم پیڈز کے مریضوں کو کارڈیالوجی کی جامع نگہداشت فراہم کر سکیں گے۔ این آئی سی وی ڈی کا مقصدصوبہء سندھ میں دل کی صحت کی دیکھ بھال کے فرق کو ختم کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہم ضروت مند مریضوں کو انہی کی دہلیز پر خصوصی نگہداشت فراہم کریں۔انہوں نے مزید بتایا کہ این آئی سی وی ڈی سکھر جو 300بستروں کی خصوصی سہولیات سے آراستہ ہے۔