اسلام آباد(جنگ نیوز/اے پی پی)ا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جمعہ کو کورونا وائرس کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کیلئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف، رانا تنویر اور جے آئی کے رہنما مولانا اسد محمود سے رابطہ کیا، ٹیلی فون پر بلاول بھٹو سے گفتگو کی اور کورونا کے سدباب کے حوالہ سے ان کے بیان کو سراہا اور کہا کہ ہم سب نے مل کر قومی یکجہتی کا پیغام دینا ہے، پوری قوم نے مل کر کورونا وائرس کے جنگ لڑنی ہے۔ اسپیکر نے بلاول بھٹو زرداری سے کورونا پر قائم پارلیمانی کمیٹی کیلئے نام طلب کئے اور انہیں بتایا کہ کمیٹی کورونا وائرس کے سدباب کیلئے حکومتی اقدامات کی نگرانی کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کیلئے جلد نام بھجوائیں گے۔