کورونا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بند ہیں، تاہم اشیائے خورد و نوش، سبزی، گوشت کی دکانیں، میڈیکل اسٹور اور تندور کھلے ہیں۔
دوسری جانب لوکل اور دیگر صوبوں کو جانےوالی ٹرانسپورٹ بھی بند کر دی گئی ہے۔
گزشتہ روز صوبائی حکومت نے کوئٹہ شہر میں کاروباری سرگرمیاں بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
بلوچستان حکومت کی کال کا انجمن تاجرانِ بلوچستان نے بھی حمایت کا اعلان کیا ہے، ڈپٹی کمشنر سے مذاکرات کے بعد 3 ہفتوں کے لیے تجارتی مراکز بند کر دیئے ہیں ،اسی وجہ سے شہر میں تمام چھوٹے بڑے تجارتی اور کاروباری مراکز بند ہیں۔
شہر میں اشیائے خورد و نوش، سبزی، گوشت، دودھ، دہی کی دکانیں، بیکریاں، میڈیکل اسٹور اور تندور کھلے ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: ’کوئٹہ کے اسپتالوں میں کورونا سے بچاؤ کی سہولتیں نہیں‘
شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ اور بازار بند ہونے کے باعث ٹریفک بھی انتہائی کم ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کی آمد و رفت بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ میں تجارتی مراکز کی بندش اور شہر میں لاک ڈاؤن کی سی صورتِ حال کے باعث دیہاڑی دار مریضوں کو مشکلات کا سا منا ہے ۔