لاہور (نمائندہ خصوصی )مسلم لیگ( ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جنگ گروپ ایک بہت بڑا ادارہ ہے جو پاکستان میں اور باہر بھی لوگوں کی بھلائی کے لیے کام کر سکتا ہے اس لیے جنگ جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کو کورونا کے خلاف جنگ میں ساتھ ملانا چاہیے۔
اس لئے انہیں فوری طور پرضمانت پر رہا کر دینا چاہیے، کیوں کہ ان کے والد قائداعظم ؒکے دور سے لے کراپنی وفات تک پاکستان کے خیر خواہ رہے ہیں۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ صحافت میں میر خلیل الرحمٰن کا بہت بڑا نام تھا اس لیےہمیں پلاٹوں شلاٹوں کے چکر میں نہیں پڑنا چاہیے اور سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہئے۔
کورونا وائرس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کی طرف سے ایک وارننگ ہے، انسان کے بنائے ہوئے ایٹم بم اور میزائل کورونا وائرس کے سامنے بے بس ہو چکے ہیں۔ سب سے ضروری احتیاط اللہ تعالی سے معافی ہے۔ تمام مکاتب فکر کو اس معاملے میں یکجا ہونا چاہیے۔